سیاسی مداری ملکی ترقی کی رفتار کو روکنے کیلئے کوشاں،لیگی رہنماء اپنا غصہ قیادت پر نکالیں:فردوس عاشق
اسلام آباد (آئی این پی،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سیاسی مداری ملکی ترقی کی رفتار کو روکنے کی کوشش کرتے ہیں،رانا ثناء اللہ عوام کو گمراہ نہ کریں، اپنی ناراضگی اور غصہ اپنی قیادت پر نکالیں، لیگی قیادت نے اپنے کارکنوں کے ساتھ جو سلوک کیا اس کے ذمہ دار ہم نہیں،وزیراعظم کا قوم سے وعدہ ہے کہ بوسیدہ نظام کو تبدیل کریں گے،احتساب کاعمل سب کیلئے یکساں ہونا چاہیے،حکومت نواز شریف کی درخواست پر قانون کے مطابق فیصلہ کرے گی، نواز شریف کے پلیٹ لیٹس لندن کی فضاؤں میں بہتر ہو گئے ہیں، امید ہے کہ لیگی ترجمان جلد نواز شریف کی صحت سے متعلق آگاہ کریں گے، اوورسیز پاکستانیوں کی شکایت کے ازالے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں، مٹی بھر دہشت گرد جلد اپنے انجام کو پہنچیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے نئے پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے پرعزم ہیں، کاروبار میں آسانی اور سرمایہ کاروں کیلئے سہولتیں وزیراعظم کا وژن ہے۔ انہوں نے کہا کہ 10ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پاکستان آرہی ہے، دنیا بھر سے سیاح اور سرمایہ کار پاکستان کی جانب مائل ہورہے ہیں، وزیراعظم عمران خان کا عہد ہے کہ پسے ہوئے طبقے کو چھت فراہم کرنی ہے۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جب تعمیراتی انڈسٹری چلتی ہے تو 40مزید صنعتوں کا پہیہ چلتا ہے، صنعتوں کا پہیہ چلے گا تو پھر غریب کے گھر کا چولہا چلے گا، معیشت مستحکم ہو تو بے روزگاری میں بھی کمی آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان چاہتے ہیں کہ ایسا پاکستان بنے جہاں روزگار کے مواقع ہوں۔ انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ ضمانت پر رہا ہورہے ہیں،ابھی ان کی بے گناہی ثابت نہیں ہوئی، رانا ثناء اللہ کا کیس عدالت میں جاری ہے، وہ عوام کو گمراہ نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نظام میں تبدیلی کیلئے بھرپور جدوجہد کر رہے ہیں، تحریک انصاف کا منشور دو نہیں ایک پاکستان ہے، قانون و انصاف کے نظام میں موجود کمزوریوں سے طاقتور طبقہ فائدہ اٹھاتا ہے، وزیراعظم کا قوم سے وعدہ ہے کہ بوسیدہ نظام کو تبدیل کریں گے،احتساب کے بغیر معاشرہ جنگل کا قانون بن جاتا ہے، احتساب عا عمل سب کیلئے یکساں ہونا چاہیے اور احتساب ہوتا نظر بھی آنا چاہیے لہٰذاحقداروں کا حق لوٹنے والوں کا حساب ضرور ہو گا۔علاوہ ازیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹر پر ایک پیغام میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اضا خیل ریلوے ڈرائی پورٹ کا قیام تجارتی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم ثابت ہوگا، جدید ترین سہولتوں سے لیس پورٹ تاجروں کی ضروریات پوری کرے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ریلوے کی ترقی اور بحالی کیلئے پرعزم ہیں، معیشت میں ریل روڈ نیٹ ورکس ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان