سپورٹس راؤنڈ اپ

سپورٹس راؤنڈ اپ

  



پاکستان ہاکی فیڈریشن کلینڈرایونٹس کا اعلان،2020میں کوئی غیر ملکی ہاکی ٹیم پاکستان نہیں آئیگی

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کلینڈرایونٹس کا اعلان کردیا جس میں 2020میں کسی غیر ملکی ٹیم کا دورہ پاکستان شامل نہیں کیا گیا۔پروگرام کے مطابق 7بین الاقوامی اور 20ملکی ایونٹس شیڈول کیے گئے ہیں۔ اس سال پاکستان کی ٹیمیں 7مختلف بین الاقوامی ایونٹس میں حصہ لیں گی۔ قومی ویمن جونئیر ہاکی ٹیم 6سے 12اپریل تک جاپان میں جونئیر ویمن ایشیا کپ میں شرکت کرے گی۔ قومی جونیئرہاکی ٹیم اپریل مئی میں ٹریننگ ٹور کرے گی۔11سے 18اپریل تک قومی ہاکی ٹیم سلطان اذلان شاہ کپ میں شرکت کیلئے ملائشیا جائے گی۔ جون جولائی میں قومی سینئر ٹیم ٹریننگ ٹور پر روانہ ہوگی۔ قومی جونیئر ٹیم 4سے 12جون تک ڈھاکا میں جونیئر ایشیا کپ میں حصہ لے گی۔قومی ہاکی ٹیم سال کا اختتام 17سے 27نومبر تک مینز ایشین چیمیئنز ٹرافی میں شرکت سے کرے گی۔ ٹریننگ ٹور کے مقام اور میچز کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ ستمبر میں قومی سینئر ہاکی چیمپئن شپ ہوگی۔ اکتوبر میں پاکستان ہاکی سپر لیگ کروانے کا ایک بار پھر اعلان کیا گیا ہے۔

کبڈی ورلڈکپ کا نیا شیڈول جاری، میگا ایونٹ 9وری سے شروع ہوگا

رواں سال پاکستان میں ہونے والے کبڈی ورلڈکپ کا نیا شیڈول جاری کر دیا گیا، میگا ایونٹ 9وری سے شروع ہوگا۔ایونٹ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت سمیت دس ٹیمیں شرکت کریں گی۔پول اے میں بھارت، ایران، سیرالیون، امریکہ اور انگلینڈ جبکہ پول بی میں پاکستان، کینیڈا، کینیا، آسٹریلیا اور آذربائیجان کی ٹیمیں شامل ہوں گی۔کبڈی ورلڈکپ 2020 کے میچز صوبائی دارالحکومت لاہور، ضلع ننکانہ صاحب اور فیصل آباد میں ہوں گے براڈ کاسٹر ادارے نے کبڈی ورلڈکپ کی تاریخوں میں تبدیلی کا مشورہ دیا تھا۔

سعودی تاریخ میں پہلی بار خواتین سائیکلنگ ریس کا انعقاد

سعودی عرب میں پہلی بار مختلف شہروں میں خواتین سائیکلنگ ریس سیریز کا انعقاد کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق سعودی اسپورٹ فیڈریشن کی جانب سے ملکی تاریخ میں پہلی بار خواتین سائیکلنگ ریس سیریز کا انعقاد کیا گیا۔ یہ ریس کی سیریز سعودی شہر جدہ، ریاض اور الخوبر میں منعقد کی گئی جس میں 1ہزار خواتین سائیکلسٹ نے حصہ لیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی سائیکلنگ فیڈریشن کے تعاون سے ایس ایف اے نے یہ ریس منعقد کی جس کا مقصد مملکت میں سائیکلنگ کے کھیل کو فروغ دینا ہے۔ سائیکلنگ ریس 3مرحلے پر مشتمل تھی جس کی فاتح نادیہ شوکدی قرار پائیں۔کھیل کے پہلے مرحلے میں بھی نادیہ شوکدی نے اپنی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور پہلے نمبر پر رہیں، جبکہ فلوریا مارٹیا دوسری اور الہم زید نے تیسرے پوزیشن حاصل کی۔ ریس کے دوسرے مرحلے کا کھیل بھی عمدہ رہا، فلوریا مارٹیا نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ عردہ الامودی اور سمر دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہیں۔سیریز کا فائنل اور اختتامی مرحلہ الخوبر میں ہوا جہاں نادیہ شوکدی نے حریف کو پیچھے چھوڑ دیا اور تاریخی فتح بھی اپنے نام کرلی۔ اس سیزیر کے بعد خواتین میں سائیکلنگ کا کھیل فروغ پا رہا ہے۔

ڈبلیو ٹی اے ہوبارٹ انٹرنیشنل اوپن ٹینس ٹورنامنٹ 13جنوری سے شروع

ڈبلیو ٹی اے ہوبارٹ انٹرنیشنل اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا 27واں ایڈیشن 13جنوری 2020 کو آسٹریلیا کے شہر ہوبارٹ میں شروع ہوگا۔ ٹورنامنٹ انتظامیہ کے مطابق ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں عروج پر ہیں۔ ٹورنامنٹ میں دنیائے ٹینس کی نامور خواتین کھلاڑی ٹائٹل کے حصول کے لئے ایکشن میں نظر آئیں گی۔ڈبلیو ٹی اے ایونٹ میں امریکا کی سوفیا کینن ویمنز سنگلز میں اپنے اعزاز کا دفاع کرینگی۔ ٹورنامنٹ میں ویمنز سنگلز اور ویمنز ڈبلز کیٹیگری کے مقابلے ہونگے۔ ٹورنامنٹ ہارڈ کورٹ پر کھیلا جائے گا۔ یہ ٹورنامنٹ کا 27واں ایڈیشن ہوگا جو ہوبارٹ انٹرنیشنل ٹینس سنٹر میں کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ 13جنوری سے شروع ہوکر 6روز جاری رہنے کے بعد 18جنوری کو اختتام پذیر ہوگا۔

حمزہ خان نے 8سال بعد پاکستان کو برٹش جونیئر اوپن کا ٹائٹل جتوادیا

پاکستان کے محمد حمزہ خان نے برٹش جونیئر اوپن اسکواش چیمپئن شپ میں انڈر 15کا ٹائٹل جیت لیا۔ یہ برٹش جونیئر اوپن اسکواش چیمپئن شپ میں 8 سال بعد پاکستان کا پہلا ٹائٹل ہے۔برمنگھم میں کھیلی جانے والی چیمپئن شپ میں حمزہ خان نے انڈر 15 کے فائنل میں انگلینڈ کے یوسف شیخ کو 16 منٹ میں 11-4،11-3اور11-7سے شکست دے دی۔برطانوی حریف کیخلاف پشاور سے تعلق رکھنے والے پاکستان انڈر 15 پلیئر نے پہلا گیم 6 منٹ جبکہ اگلے دو گیمز 5، 5 منٹ میں جیت کر 2012 کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان کو برٹش اوپن میں ٹائٹل جتوایا۔2012میں بھی انڈر 15 پلیئر نے پاکستان کو برٹش اوپن کا ٹائٹل جتوایا تھا جب اسرار احمد نے اس کیٹیگری کا فائنل جیتا تھا۔محمد حمزہ خان 2017 سے اب تک 9 گولڈ میڈلز جیت چکے ہیں جس میں دو ایشین جونیئر چیمپئن شپ کے میڈلز بھی شامل ہیں۔ محمد حمزہ خان مجموعی طور پر کسی بھی ایج گروپ میں برٹش اوپن ٹائٹل حاصل کرنے والے 13 ہویں پاکستانی ہیں، انڈر 15 کا اعزاز حاصل کرنے والے وہ پانچویں پاکستانی ہیں۔ان سے قبل اسرار احمد، شعیب حسن، عامر اطلس خان اور فرحان محبوب بھی انڈر 15 میں برٹش اوپن جیت چکے ہیں۔جیت کے بعد گفتگو میں حمزہ خان نے کہا کہ خوشی ہے انڈر 15 کیٹیگری کا برٹش چیمپئن بن گیا ہوں، بھرپور سپورٹ کرنے پر اسکواش فیڈریشن کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔حمزہ خان نے کہا کہ میں نے حریف کھلاڑیوں کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دی، انشا اللہ اگلی بار انڈر 17 کھیلوں گا اور انڈر 17 کا ٹائٹل بھی جیت کر لاں گا۔واضح رہے کہ محمد حمزہ خان نے ملائیشیا کے ہیرت دانیال کو 4-11، 3-11 اور 8-11 سے ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی جبکہ پاکستان کے عبداللہ نواز کو مصر کے کھلاڑی یوسف سلیم کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔جبکہ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے برٹش جونئیراوپن اسکواش چمپئن شپ میں شریک جونیئر اسکواش ٹیم سے ملاقات کی جس میں ائیر چیف نے حمزہ خان کو انڈر 15ٹائٹل جیتنے پر پانچ لاکھ روپے کے نقد انعام سے نوازا۔ائیر چیف نے کہاکہ قوم کو نوجوان اسکواش پلئیر حمزہ خان پر فخر ہے۔ ائیر چیف نے کہاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کی تربیت اور سہولیات فراہم کرنے پر کوچز کی سخت محنت قابل تعریف ہے۔ ائیر چیف نے کہاکہ پاکستان اسکواش فیڈریشن کی اس کھیل میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرنے کے لئے کی جانے والی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔

کھلاڑیوں کا بہترین کھیل اور جوش وخروش دیکھ کر یقین ہے ان میں سے سٹار بنیں گے‘عدنان ارشد اولکھ

ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کہا ہے کہ پہلی سپورٹس بورڈ پنجاب جونیئر ٹینس چیمپئین شپ کے انعقاد سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا، انڈر 16,14,12,10,8,6اور18کے کھلاڑیوں کا بہترین کھیل اور جوش وخروش دیکھ کر یقین ہے کہ ان میں سے سٹار بنیں گے اور ملک کا نام روشن کریں گے ماضی میں ٹینس کے کھیل میں ہمارے کھلاڑیوں نے دنیا میں ملک کا نام رشن کیا ہے ٹینس کے کھیل کو فروغ دینے کیلئے نشترپارک سپورٹس کمپلیکس میں سٹیٹ آف دی آرٹ ٹینس کورٹ پر زیادہ سے زیادہ ایونٹس کروائیں گے تاکہ ٹینس کے میدان میں ہمارے کھلاڑی ملک و قوم کا نام روشن کر سکیں ان خیالات کا اظہارڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے پہلی سپورٹس بورڈ پنجاب جونیئر ٹینس چیمپئین شپ کے دوسرے روز اپنے بیان میں کیا ہے باغ جناح لان ٹینس اکیڈمی میں دوسرے روز انڈر 6سے لیکر انڈر18تک مقابلے ہوئے،کھلاڑیوں نے جوش وخروش سے چیمپئین شپ میں حصہ لیا۔پہلی سپورٹس بورڈ پنجاب جونیئر ٹینس چیمپئین شپ کے دوسرے روز ہونیوالے مقابلوں میں مینز سنگلز کے پری کوارٹر میں احمد کلیم نے انعام عارف کو6-0,6-0سے ہرایا، میاں بلال نے امتیاز ریاض کو6-3,6-3سے شکست دی، فیاض خان نے عاقب صابر کو6-1,6-0سے ہرایا، نعلین عباس نے کامران قریشی کو 6-2,6-1سے شکست دی، سکندر حیات نے حسن کامران کو 6-1,6-2سے شکست دی، رانا ہمایوں نے زین چودھری کو6-4,6-0 سے ہرایااورزریاب پیرزادہ نے جواد زاہدکو7-5,6-3 سے شکست دی جبکہ بوائز انڈر 18پری کوارٹر میں زین چودھری نے خضر محبوب کو8-6سے ہرایا، حارث نے احتشام عارف کو 8-7سے شکست دی، حسن علی نے شاہل دوراب کو8-6سے ہرایا اور احمد عامر نے عفہم رانا کو 8-3سے شکست دی جبکہ انڈر 16بوائز پری کوارٹر میں فیضان نے اسد زمان کو 8-2سے ہرایا، شاہل دوراب نے حارث کو 8-3سے شکست دی، حمزہ جواد نے سعید سلیمان کو8-2سے ہرایااور حسن علی نے احتشام عارف کو8-1سے شکست دی۔انڈر 12بوائز پری کوارٹر میں امیر مزاری نے علینہ سلیمان کو8-0سے ہرایا،عبداللہ ساجد نے یاسر تارڑ کو8-2سے شکست دی، منیب مجید نے اسماعیل آفتاب کو8-1سے ہرایا، عبداللہ یوسف نے زیرق مصطفی کو8-2سے شکست دی، ہمایوں نے عبداللہ پیرزادہ کو 8-1سے ہرایااور ابوبکر خلیل نے جنت خلیل کو8-4سے شکست دی،انڈر 10بوائز پری کوارٹر میں عفاف سلیمان نے مبین کو8-3سے ہرایا، عمر جواد نے محمد علی کو 8-0سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔ پہلے دن ہونیوالے مینز سنگلز کے مقابلوں میں میں انعام عارف نے حرم زاہدکو6-2, 6-4, سے ہرایا،زین نے احتشام ستارکو6-4, 6-3, سے شکست دی،عاقب صابر نے عمیر جاوید کو 6-0, 6-0سے ہرایا،کامران قریشی نے جہانزیب کو6-2, 6-2, سے ہرایا،زریاب پیرزادہ نے طہٰ کو شکست دی،جواد زاہد نے عتیق حسین کو7-5, 6-1سے ہرایا اورحمزہ نے عمر مہندی کو 6-2, 6-2 سے شکست دی،پہلی سپورٹس بورڈ پنجاب جونیئر ٹینس چیمپئین شپ کے تمام کیٹیگریز کے کوارٹر فائنلز اور سیمی فائنلزکل کھیلے جائیں گے۔

مزید : ایڈیشن 1