مقبوضہ کشمیر، ینگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کا انٹرنیٹ کی فوری بحالی کا مطالبہ

مقبوضہ کشمیر، ینگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کا انٹرنیٹ کی فوری بحالی کا مطالبہ

  



سرینگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیر ینگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن نے وادی میں انٹرنیٹ کی مسلسل بندش پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسکی فوری بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ینگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے صدر اعجاز وار کی طرف سے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ گزشتہ برس پانچ اگست سے انٹرنیٹ کی معطلی سے نہ صرف صحافیوں کی پیشہ ورانہ سرگرمیوں بلکہ ان کے روز گار پر بھی منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں اور وادی کے میڈیا اداروں کو گونا گوں مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل قریب میں انٹرنیٹ کی بحال کی کوئی صورت نظر نہ آنے کی وجہ سے ذرائع ابلاغ سے وابستہ لوگوں خاص طو ر پر نیوز پورٹلزکے مستقبل پر خطر ے کی تلوار لٹک رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی آن لائن میڈیا ادارے پہلے ہی بند ہوچکے ہیں جبکہ باقی ماندہ بند ہونے کی دہلیز پر ہیں۔ اعجاز وار نے کہاکہ انٹرنیٹ کی متواتر بندش صحافیوں کو دھمکانے اور انہیں بھارتی حکومت کا فرما روا بنانے کا ایک اوچھا ہتھکنڈہ ہے۔ انہوں نے کہ انٹرنیٹ پر جاری مسلسل پابندی بھارتی حکومت کے ان دعوؤں کی نفی ہے جن میں کہا گیاہے کہ وہ کشمیری نوجوانوں کی ترقی کیلئے سرگرم ہے۔ جموں وکشمیر ینگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے صدر نے کہا کہ اگر نیٹ پر عائد پابندی فوری طور پر ختم نہیں کی گئی تو وہ وادی گیر احتجاج پر مجبور ہوجائیں گے۔

مزید : عالمی منظر