عملی تعلیم کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہیں،خان محمد
چارسدہ (بیو رو رپورٹ) چارسدہ میں خصوصی بچوں کو تعلیم یافتہ اور ہنر مند بنانے کے منصوبے کا افتتاح۔ منصوبے کو یو ایس آئی ڈی کے ایمبیسیڈرز فنڈ گرانٹ پروگرام کی اعانت حاصل ہے۔خصوصی تربیتی پروگراموں کے ذریعے اساتذہ اور خصوصی بچوں اور ان کے والدین کی استعداد کاری بڑھے گی۔ خا ن محمد۔تفصیلات کے مطابق چارسدہ میں خصوصی بچوں کی فلاح و بہبود کے پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب کا انعقادکیا گیا۔ انجمن نوجوانان کے پراجیکٹ بعنوان "محمد اعظم خان خصوصی تعلیمی مرکز چارسدہ کے خصوصی بچوں کی استعداد کاری و ہنرمندی " کیلئے یو ایس اے آئی ڈی کے ایمبیسیڈرز فنڈ پروگرام نے اعانت فراہم کی ہے۔ اس پراجیکٹ کے تحت مذکورہ خصوصی تعلیمی مرکز کے سماعت سے محروم 154 خصوصی بچوں کے پائیدار بنیادوں پرتعلیمی تسلسل کو یقینی بنانے، ہنر سکھانے کے ذریعے سے انکی استعداد کار ی میں اضافہ، مرکز کے اساتذہ کی ایڈوانس ٹریننگ،قوت گویائی سے محروم بچوں کی بذریعہ ماہرین سپیچ تھراپی، 154 معذور بچوں کے والدین کیلئے خصوصی تربیتی پروگرام اور بچوں و اساتذہ کیلئے معلوماتی دوروں کے اہتمام کے ذریعے عملی تعلیم کی فراہمی یقینی بنانے کی کوششیں کی جائیں گی۔ تقریب میں خصوصی بچوں، اساتذہ، سرکاری عہدیداران، سول سوسائٹی اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے علاوہ علاقے کی نمایاں شخصیات حاجی علی اکبر، فرہاد علی ربانی، حاجی بصر علی، سردار اکبر، اور گل وحید جان نے شرکت کی۔ شرکا ء نے انجمن نوجوانان چارسدہ کے اس پراجیکٹ کے لئے یو ایس اے آئی ڈی کے ایمبیسیڈرز فنڈ پروگرام کی اعانت کی ستائش کی اور پاکستان میں اے ایف جی پی کے منتظم ادارے ٹرسٹ فار ڈیموکریٹک ایجوکیشن اینڈ اکاؤنٹیبلٹی (ٹی ڈی ای اے) کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب کیمہمان خصوصی خان محمد، چیف ایگزیکٹیو سنٹر فار ایکسیلنسی آف رورل ڈویلپمنٹ پاکستان نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی بچوں کو معاشرے میں اہم مقام دلانا اور ان کے جائز حقوق کے حصول کی جدوجہد کرنا ہم سب کا فرض ہے۔تقریب سے ڈسرکٹ سو شل ویلفیئر اآفیسر چارسدہ جناب محمد شعیب خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معذور افراد معاشرے کا غیر موثر طبقہ سمجھا جاتا ہے۔ حالانکہ ان افراد میں کافی استعداد موجود ہے اگر ان کی صیحح طریقے سے استعداد کاری کی جائے تو یہ لوگ معاشرے کے مفید شہری بن سکتے ہیں۔ قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے واجد علی خٹک صدر انجمن نوجوانان چارسدہ نے تمام مہمانان گرامی کی آمد اور پراجیکٹ کیلئے تعاون پیش کرنے کا شکریہ ادا کیا جبکہ ادارے کے خصوصی بچوں نے اشاروں کی زبان میں تلاوت، دعا و ترانہ، نعت، ملی نغمہ اور ٹیبلو پیش کیا اور حاضرین سے خوب داد سمیٹی۔