چیئرمین پاک یورپ فرینڈ شپ فیڈریشن کی وزیر اعلیٰ محمود خان سے ملاقات

  چیئرمین پاک یورپ فرینڈ شپ فیڈریشن کی وزیر اعلیٰ محمود خان سے ملاقات

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے پاکستان یورپ فرینڈ شپ فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری پرویز اقبال لوسر نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں قومی اہمیت کے مسائل خصوصاً خیبرپختونخوا سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چوہدری پرویز اقبال لوسر نے وزیراعلیٰ کو پاک یورپ فرینڈ شپ فیڈریشن کی سرگرمیوں اور یورپ میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حوالے سے بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ نے یورپ میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے خصوصی طور پر یورپین پارلیمنٹ میں اس مسئلے کو اٹھانے اور یورپ میں مقیم سمندر پار پاکستانیوں کی بہتری کے لئے چوہدری پرویز اقبال کے کردارکو سراہا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں نے ملک کی تعمیر و ترقی میں ہمیشہ ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے، جب بھی پاکستان پر مشکل وقت آیا، بیرون ملک پاکستانیوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ ڈالا، جو ہم سب کے لئے باعث فخر ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ حکومت سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کا خصوصی توجہ دی رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت ملک میں عام آدمی کی زندگی کو مثبت تبدیلی سے ہمکنارکرنے کیلئے کوشاں ہے، اور اس مقصد کے لئے متعدد اقدامات شروع کئے گئے ہیں۔ ملاقات میں خیبرپختونخوا میں موجود سیاحتی استعداد پر بھی تبادلہ خیا ل کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت صوبے کے سیاحتی مقامات کو بطور صنعت فروغ دینے کے لئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ مقامی اور بیرونی سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی ترجیح ہے۔ چوہدری پر ویز اقبال نے عام آدمی کی فلاح کیلئے حکومتی اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے سیاحت کے لئے حکومت کی پالیسی کو بھی خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ اس شعبے کی ترقی سے دنیا میں پاکستان کا حقیقی تشخص اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے وزیراعلیٰ کو یورپ کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی جس پروزیراعلیٰ نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود بھی یورپ میں مقیم پاکستانیوں کے ساتھ ملنے کے خواہاں ہے، اور مناسب وقت پر دورہ کرنے کی کوشش کریں گے۔