ملک میں انقلابی اصلاحات کا سلسلہ شروع کردیا گیا، ڈاکٹر امجد علی

  ملک میں انقلابی اصلاحات کا سلسلہ شروع کردیا گیا، ڈاکٹر امجد علی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر ہاوسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے ملک میں انقلابی اصلاحات کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے جس کی وجہ سے عوام کو وقتی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، تاہم بہت جلد ان اصلاحات کے مثبت اثرات سامنے آنا شروع ہوجائینگے۔ تحصیل بریکوٹ میں ایم این اے سلیم الرحمان کے ہمراہ زلزلے سے متاثرہ گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر امجد علی کا کہنا تھا کہ سکول کی تعمیر پر 8 کروڑ روپے کی لاگت آئیگی جس سے بچوں کو تعلیم حاصل کرنے کی بہترین سہولیات میسر آسکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام اپوزیشن جماعتوں کے پروپیگنڈا میں نہ ٓائیں، حکومت بریکوٹ کی ترقی پر بھر پور توجہ دے رہی ہے اور کروڑوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ڈاکٹر امجد علی کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے انہیں محکمہ معدنیات میں اصلاحات کا ٹاسک سونپا گیا تھا، ان کی پالیسزکے باعث سولہ ماہ کے قلیل عرصے میں محکمہ کی آمدن میں 97 فیصد اضافہ ہوا اور غیر قانونی کان کنی کا خاتمہ کیا گیا۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر انہیں اب ہاوسنگ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، ان کی کوشش ہوگی کہ عوام کے ساتھ کئے گئے گھروں کا وعدہ پورا کیا جاسکے۔ ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ خپل کور کا ماڈل جو انہوں نے خیبرپختونخوا میں شروع کیا تھا اب اس طرز پر پورے ملک میں کام ہورہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کھیلوں کے حوالے سے نوجوانوں کے لئے سہولیات کی فراہمی پر بھی کام کررہی ہے تاکہ نوجوانوں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنا تحریک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور سکولوں میں جدید کمپیوٹر لیب، سولر انرجی سسٹم، صاف پانی کے انتظام کے ساتھ قابل اساتذہ کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے صوبہ میں زیادہ تر سکولوں کو اپ گریڈ کیا ہے، جس سے سرکاری سکولوں کے معیار تعلیم میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے۔