پانی کی قلت سمیت عوامی مسائل پر عوامکے ترجمان بنیں گے:حافظ نعیم الرحمٰن

پانی کی قلت سمیت عوامی مسائل پر عوامکے ترجمان بنیں گے:حافظ نعیم الرحمٰن

  



کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بجلی کے ٹیرف میں اضافے، کراچی میں گیس کے بحران اور گیس نرخوں میں اضافے کے خلاف اور شہریوں کو درپیش ٹرانسپورٹ اور پانی کی قلت سمیت دیگر مسائل کے حل کے لیے عوام کی آواز اور ترجمان بنیں گے۔ ماضی میں بھی عوامی مسائل کے حل کی جدو جہد کی ہے اور آئندہ بھی کریں گے۔ کارکنان اور ذمہ داران تنظیم میں استحکام وسعت، دعوتی فنڈ اور رابطہ مہم کو بھر پور اور کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نور حق میں جماعت اسلامی کراچی کے تحت دعوتی فنڈ، توسیع دعوت اور رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں طلب کیے گئے ہر سطح کے ناظمین کے ایک اہم اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجتماع سے نائب امیر کراچی ڈاکٹر واسع شاکر اور سیکریٹری کراچی عبد الوہاب نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ جمعیت اتحاد العلماء کے ناظم اعلیٰ مولانا عبد الوحید نے انفاق فی سبیل اللہ کے موضوع پر درس قرآن دیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہم نے، نادرا اور واٹر بورڈ سمیت دیگر صوبائی و بلدیاتی اداروں کی نا اہلی اور نا قص کارکردگی کے خلاف بھر پور عوامی جدو جہد کی ہے اور آئینی اور قانونی راستے اختیار کیے ہیں،بجلی اور گیس کے مسائل کے حوالے سے حالیہ فیصلوں پر احتجاج اور عدالت سے بھی رجوع کریں گے۔ انہوں نے ناظمین پر زور دیا کہ نچلی سطح پر عوامی مسائل کے حل اور عوامی مشکلات و پریشانیوں کو متعلقہ اداروں تک پہنچانے کے لیے پبلک ایڈ کمیٹیوں کو مزید منظم، متحرک اور فعال بنائیں۔ دعوتی فنڈ، توسیع دعوت اور رابطہ عوام مہم کے لیے بھر پور منصوبہ بندی اور مؤثر ورکنگ کے ساتھ میدانِ عمل میں نکلیں۔ گلی، محلے اور مسجد کی سطح پر عام لوگوں کو اپنے ساتھ ملائیں۔ عوام سے ووٹ لے کر اسمبلیوں میں پہنچنے والے اور وزارتوں کے مزے لوٹنے والے عوامی مسائل پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ عوام کا کوئی پُرسان ِ حال نہیں۔ ان حالات میں عوام کو اعتماد دیں۔ ان کا سہارا بنیں۔ جماعت اسلامی ہی عوام کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ”رابطہ عوام مہم“ کا آغاز کردیا گیا ہے اور 15جنوری سے دعوتی فنڈ مہم شروع کرنی ہے۔ اپنی ذات اور اپنے خاندان سے آغاز کریں۔ طے کیے گئے اجتماعی اور انفرادی اہداف اللہ تعالی کی مدد، اپنی کوششوں اور صلاحیتوں سے ضرور حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ ڈاکٹر واسع شاکر نے کہا کہ 2019ء میں ہم نے جماعت اسلامی کراچی کی تشکیل نو کی اور شہر میں 10اضلاع کا نظم قائم کیا۔ اب 2020ء میں نئے اہداف کے ساتھ میدان عمل میں موجود ہیں۔ جماعت اسلامی کراچی میں ایک مؤ ثر قوت اور تنظیم کے طور پر اپنی شناخت اور حیثیت رکھتی ہے۔ جماعت اسلامی دیگر پارٹیوں کی طرح کوئی روایتی جماعت نہیں بلکہ اقامت دین کی تحریک اور جدو جہد ہے اور اللہ تعالی کا بڑا شکر ہے اور ہماری خوش قسمتی ہے کہ اُس نے ہمیں اس اجتماعیت اور تحریک سے وابستہ کیا۔ 

مزید : صفحہ اول


loading...