صوبہ سندھ کے سیکریٹری محکمہ انسانی حقوق جمیل بدر میندھرو لاپتا ہوگئے

صوبہ سندھ کے سیکریٹری محکمہ انسانی حقوق جمیل بدر میندھرو لاپتا ہوگئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبہ سندھ کے سیکریٹری محکمہ انسانی حقوق جمیل بدرمیندھرو لا پتا ہو گئے، ان کی اہلیہ نے پولیس کو گھر آنے سے روک دیا۔تفصیلات کے مطابق سندھ کے سیکریٹری محکمہ انسانی حقوق سندھ جمیل بدر میندھرو مبینہ طور پر کل سے لا پتا ہیں، ان کی اہلیہ نے نجی ٹی وی گفتگو کرتے ہوئے کہا وزیر اعلی کو کہا ہے بدر جمیل کو تلاش کرکے لائیں۔اہلیہ بدر جمیل نے بتایا کہ میں نے پولیس کو گھر پر آنے سے منع کر دیا ہے، جمیل بدر جمعہ کی صبح ساڑھے دس بجے دفتر گئے تھے، دفتر کے بعد انہوں نے کہا میں ڈیفنس جا رہا ہوں، لیکن پھر گھر نہیں لوٹے، وہ کل سے غائب ہیں، فون پر بھی رابطہ نہیں ہو پا رہا۔ اہلیہ جمیل بدر میندھرو کو پولیس افسران نے فون کیے لیکن انہوں نے پولیس کو گھر کا پتا تک فراہم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ پولیس کا یہ بھی موقف ہے کہ جمیل بدر میندھرو ڈیفنس کی جانب آئے ہی نہیں، فون کی آخری لوکیشن ڈسٹرکٹ سنٹرل کی جانب آئی ہے۔ادھر وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے سیکریٹری جمیل بدر میندھرو کی مبینہ گمشدگی کا نوٹس لے لیا ہے، انھوں نے آئی جی سندھ، چیئرمین اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ اور دیگر اداروں سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔آئی جی سندھ سید کلیم امام کو ہدایت جاری کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ اگر اغوا کا کیس ہے تو فوری بازیاب کرایا جائے، اگر کسی نے گرفتار کیا ہے تو گرفتاری ظاہر کی جائے۔خیال رہے کہ اینٹی کرپشن کی عدالت سے غیر قانونی ٹھیکوں کے اجرا کیس میں جمیل بدر کو دو دن قبل ضمانت قبل از گرفتاری مل گئی تھی، عدالت نے انھیں 20 جنوری کو پیش ہونے کا حکم بھی جاری کیا تھا۔

مزید :

صفحہ اول -