گورنرسندھ کی ساتویں کراچی ایٹ فوڈ فیسٹیول میں شرکت
کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کلفٹن بیچ ویو پارک میں منعقدہ ساتویں کراچی ایٹ فوڈ فیسٹیول 2020 میں شرکت کی۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی اسلم خان بھی گورنر سندھ کے ہمراہ تھے۔ گورنر سندھ نے مختلف اسٹالز کا معائنہ کیا اور عوام میں گھل مل گئے- اس موقع پر گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ فوڈ فیسٹیول میں عوام کی بڑی تعداد میں شرکت نہایت خوش آئند بات ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی کھانوں کی دنیا بھر میں بہت مانگ ہے۔ بہترین کھانوں سے ہم اپنی سیاحت کو بھی فروغ دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سماجی، ثقافتی اور تفریحی سرگرمیوں کے مسلسل انعقاد سے صوبہ بالخصوص شہر کی امن و امان کی بہتر صورتحال کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ ایونٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ اس ایونٹ سے تین دن میں ایک لاکھ شہری مستفید ہونگے۔ اس ایونٹ سے جمع ہونے والی رقم سے چیرٹی کا کام بھی کیا جائے گا۔بعد ازاں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی ایٹ انتہائی زبردست ایونٹ بن چکا ہے۔ اب تو لوگ اس کا پورا سال انتظارکرتے ہیں، زندہ دلان کراچی کے لئے یہ ایک بہترین تفریحی موقع ہے۔ اس جیسے ایونٹس سے کھانے کا کاروبار کرنے والے حضرات کو اپنی اشیاء کو متعارف کرانے کا موقع بھی ملتا ہے۔ گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کے حوالے سے کئے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر مسئلہ جلد حل کرلیا جائیگا۔