ملتان،عمران رشید سلہری صدر،غلام نبی طاہر جنرل سیکریٹری منتخب،حامیوں کا جشن

ملتان،عمران رشید سلہری صدر،غلام نبی طاہر جنرل سیکریٹری منتخب،حامیوں کا جشن

  



ملتان (خبرنگار خصوصی)ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کے سالانہ انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ عمران رشید سلہری 764 ووٹ لے کر کامیاب،پاکستان پیپلز پارٹی کے حمایت یافتہ جنرل سیکرٹری کے عہدے پر غلام نبی طاہر چوہان نے 1170 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی جبکہ جوائنٹ سیکریٹری کی نشست پر آسیہ گل اور 10 ممبران مجلس عاملہ پہلے ہی بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔ تفصیل کے مطابق ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کے گزشتہ روز منعقد ہونیوالے سالانہ انتخابات کا الیکشن بورڈ کی جانب سے نتیجہ جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ عمران رشید سلہری 764 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جبکہ مدمقابل امیدواروں یوسف اکبر نقوی نے 584 ،نشید عارف گوندل نے 467، اصغر لودھی نے 311 ووٹ اور سید اقبال مہدی زیدی نے 185 ووٹ حاصل کئے ہیں۔ نائب صدر کے عہدے پر ملک الطاف راں 1047 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ مدمقابل امیدواروں راشد مصطفی شیخ نے 985 اور محمد امجد خان نے 263 ووٹ حاصل کئے ہیں۔ جنرل سیکرٹری کے عہدے پر غلام نبی طاہر نے 1170 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی جبکہ ان کے مدمقابل امیدوار وسیم خان نے 1136 ووٹ حاصل کئے ہیں۔ لائبریری سیکرٹری کے عہدے پر حسن محمود ترین 1394 ووٹ حاصل کرکے کامیاب ہوئے جبکہ ان کے مدمقامل امیدواروں رابیلہ گیلانی نے 706 اور  شبانہ خان نے 195 ووٹ حاصل کئے ہیں۔فنانس سیکرٹری کی سیٹ پر ملک عرفان میتلا 1195 ووٹ حاصل کرکے کامیاب قرار پائے ہیں۔ مدمقابل امیدوار رائے شاہد جاٹ نے 581 ووٹ اور شیخ شعیب امجد نے 525 ووٹ حاصل کرسکے ہیں جبکہ جوائنٹ سیکرٹری کے عہدے پر آسیہ گل اور مجلس عاملہ کی 10 نشستوں پر جاوید اقبال، ولایت علی خان، محمد ذولفقار علی، طاہر ریاض قریشی، محمد طیب ہاشمی، محمد فیاض، ظہور احمد چوہدری، ارسلان منیر، حافظ عبدالرؤف قادری اور تصور عباس صدیقی پہلے ہی بلامقابلہ کامیاب قرار پائے تھے۔  ڈسٹرکٹ بار کے انتخابات میں ڈالے گئے ووٹوں کی شرح 52 فیصد رہی ہے۔ اس سلسلے میں انتخابات میں کل ووٹرز 4490 تھے جن میں سے 2327 ووٹرز نے حق رائے دہی استمعال کیا۔ اس طرح ڈالے گئے ووٹوں کی شرح 51.82 فیصد رہی ہے۔ڈسٹرکٹ بار ملتان کے انتخابات کے موقع پر عدالتوں میں کام بند رہا ہے اور وکلاء مقدمات کی پیروی کے لئے عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے ہیں۔ اس سلسلے میں گزشتہ روز چیئرمین الیکشن بورڈ کنور محمد یونس کی جانب سے وکلاء کے انتخابات میں مصروفیت کی وجہ سے عدالتوں میں پیش نہیں ہو سکنے کا نوٹس جاری کیا گیا تھا۔ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کے انتخابات کے لئے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ اس سلسلے میں گزشتہ روز پولیس کی بھاری نفری ضلع کچہری کے اندر اور اطراف میں تعینات کی گئی تھی اور قریبی اونچی عمارتوں و فلائی اوور پر بھی پولیس اہلکار تعینات کئے گئے تھے۔ اسی طرح داخلی راستوں پر تلاشی کے بعد داخلے کی اجازت دی گئی جبکہ وکلاء گیٹ سے وکلاء کے علاوہ کسی بھی دیگر شخص کو داخل نہیں ہونے دیا گیا۔ دریں اثناء ضلع کچہری کے سامنے فلائی اوور کے نیچے پارکنگ بھی بند رکھنے کے ساتھ پارکنگ گورنمنٹ سول لائنز کالج میں کی گئی جبکہ پولیس افسران نے بھی ضلع کچہری کا دورہ کیا اور سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کے انتخابات میں کامیابی پانے والے امیدواروں اور ان کے حامیوں نے جشن منایا اور انتخابی نتائج کا اعلان ہوتے ہی کامیاب امیدواروں کو ان کے حامیوں نے کندھوں پر اٹھالیا اور پھولوں کے ہار بھی پہنائے نیز نعرہ بھی لگائے جبکہ حامی سینئر وکلاء کو بھی کندھوں پر اٹھا لیا گیا جبکہ وکلاء ڈھول کی تھاپ پر رقص بھی کرتے رہے ہیں۔

مزید : صفحہ اول


loading...