ترکی:کشتی ڈوبنے سے آٹھ بچے جاں بحق
انقرہ(ڈیلی پاکستان آن لائن) ترکی کے مغربی ساحل پر کشتی الٹنے سے پناہ کے متلاشی گیارہ افراد لقمہ اجل بن گئے جن میں آٹھ بچے بھی شامل ہیں۔ترکی کے سرکاری میڈیا کے مطابق ترکی کے ایجین ساحل پر کشتی ڈوب گئی جس کی وجہ سے کشتی پرسوار آٹھ بچے اورچاردیگر افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ آٹھ افراد کو زندہ بچالیاگیاہے۔
جاں بحق افراد کی شناخت اور قومیت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب کچھ ہی گھنٹے پہلے یونانی آئی لینڈ آف پاکسی پر ایک کشتی الٹنے سے بارہ افراد جاں بحق ہوگئے۔اور یوں چند گھنٹوں میں ہونے والے دو واقعات میں کل تئیس افراد جاں بحق ہوگئے۔
واضح رہے ترکی جنگ کے شکار افریقی اور مشرق وسطیٰ کے ممالک سے آئے تقریبا چالیس لاکھ پناہ گزینوں کی میزبانی کررہاہے۔ان میں بڑی تعدادشام سے آئے تارکین وطن کی ہے جوترکی کے راستے یونان اور یورپ جانا چاہتے ہیں۔اعدادوشمار کے مطابق دوہزار پندرہ میں دس لاکھ لوگ اس راستے سے یورپ پہنچے جس کے بعد یورپ اور ترکی میں معاہدہ طے پایا کہ وہ تارکین وطن کو ترکی میںہی پناہ دے گا ۔
امریکا اور یورپ کی جانب سے شامی باشندوں کو واپس بھجوانے کیلئے فنڈز عطا نہ کرنے پر ترک صدر ایردوان نے ان کیلئے اپنے ملک کے دروازے کھول دیئے۔