”ملک میں پرانے کاروبار بند ہورہے ہیں“اقتصادی ماہر فرخ سلیم کی دگرگوں ہوتے معاشی حالات کی عکاسی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) اقتصادی ماہر فرخ سلیم نے کہاہے کہ جو موجودہ شرح سود چل رہی ہے ، اس سے پاکستان میں کاروبار منافع بخش نہیں ہوسکتا جب کاروبار منافع بخش نہیں ہوگا تو نوکریاں کہاں سے آئیں گی؟پرانے کاروبار بند ہورہے ہیں۔
نجی نیوز چینل 92نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فرخ سلیم نے کہا کہ حکومت کوافراط زر کے بعد خوراک کے معاملے پرتوجہ دینی چاہئے ، ایک سال میں مختلف اشیائے خورو نوش کی قیمتوں میں اڑھائی سو فیصد تک اضافہ ہوا ہے ، سوال یہ بنتا ہے کہ مہنگائی ہو کیوں رہی ہے ؟ ایک سال پہلے بجلی کا یونٹ 17روپے کاہے اور اب 27روپے کا ہے جبکہ گیس کا یونٹ تین روپے کا تھا جو اب چھ روپے میں مل رہاہے ۔
فرخ سلیم کا کہناتھا کہ جوشرح سود چل رہی ہے ، اس سے پاکستان میں کاروبار منافع بخش نہیں ہوسکتا جب کاروبار منافع بخش نہیں ہوگا تو نوکریاں کہاں سے آئیں گی؟انہوں نے کہا کہ پرانے کاروبار جو چل رہے تھے ، اگر وہ پچاس ہزار روپے سود دے رہے تھے تو اس وقت ایک کروڑ سود دے رہے ہیں، بہت سے کاروبار بند ہوچکے ہیں۔