شادیانے بجانے والے فکر مند نہ ہوں ،حکومت کو خطر ہ نہیں:غلام سرور خان

 شادیانے بجانے والے فکر مند نہ ہوں ،حکومت کو خطر ہ نہیں:غلام سرور خان
 شادیانے بجانے والے فکر مند نہ ہوں ،حکومت کو خطر ہ نہیں:غلام سرور خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے کہا کہ ایم کیو ایم حکومت کی اتحادی ہے ،شادیانے بجانے والے فکر مند نہ ہوں ،حکومت کو خطر ہ نہیں ،امریکہ ایران کشیدگی کے تناظر میں وزیر خارجہ اہم ترین دورے پر ہیں ،وزیرا عظم عمران خان کے وڑن کے مطابق تحریک انصاف کی وفاقی اور صوبائی حکومتیں  عوام کو ریلیف دینے کے لیئے کوشاں ہیں ،قومی خزانے کو ذاتی جاگیر سمجھ کے ہڑپ کرنے والے کس منہ سے مہنگائی کا واویلا مچا رہے ہیں۔

صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں ایم کیو ایم سے متعلق سوال کے جواب میں وفاقی وزیرغلام سرور خان نے کہا کہ  ایم کیو ایم حکومت کی اتحادی ہے اور اتحادی رہے گی ،وزیر اعظم عمران خان کا وڑن ہے کہ کراچی کی روشنیاں بحال  کرنی ہے اور کراچی کی روشنیاں ایم کیو ایم کے ساتھ مل کے بحال کرنی ہے ،اس حوالے سے جو شادیانے بجا رہے ہیں کہ شاید اُن کے خواب پورے ہو جائیں وہ ممکن نہیں ہے ،چھوٹے موٹے اختلافات گھروں میں بھی پائے جاتے ہیں جنہیں مل بیٹھ کے حل کر لیا جاتا ہے ،ایم کیو ایم کے دوست خاصے سمجھدار ہیں اور انہیں دونوں بڑی جماعتوں کے ماضی کا تجربہ بھی ہے ،ہمارا مشن عوام کی خدمت ہے اس لیئے دونوں جماعتیں ساتھ ساتھ رہیں گی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ خطے میں بدلتی صورتحال پر پاکستان کو تشویش ہے اسی لیئے وزیر خارجہ اہم ترین دورے پر  ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ماضی میں قومی خزانے کو ذاتی جاگیر سمجھ کے جس بے دردی سے لوٹا گیا اس کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑا، آج کس منہ سے وہ پارٹیاں مہنگائی کا رونا رو رہی ہیں جو خود اس کی ذمہ دار ہیں ؟وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی وفاقی و صوبائی حکومتیں عوام کو ہر ممکن ریلیف دینے کے لیئے دن رات کام کر رہی ہیں،اس شدید سردی میں ''پناہ گاہ'' کا وژن بھی وزیر اعظم کے حصے میں آیا ہے ورنہ ماضی میں کسی حکمران کو یہ خیال نہیں آیا کہ سڑک کنارے سردی میں مرنے والوں کے لیئے کوئی چھت ہی بنا دیتے۔