ملک دشمن قوتیں پاکستان میں امن کو نشانہ بنارہی ہیں، چودھری سرور

     ملک دشمن قوتیں پاکستان میں امن کو نشانہ بنارہی ہیں، چودھری سرور

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی)گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ بھارت سمیت ملک دشمن قوتیں پاکستان میں امن کو نشانہ بنارہی ہیں یہ وقت سیاست کا نہیں ملک دشمنوں سے نمٹنے کے کا ہے جب سیاست کا وقت ہوگا تو پھر ہم بھی سیاست کریں گے اور اپوزیشن بھی جتنی مرضی سیاست کریں تمام اداروں میں جزا اور سزا کے نظام کو مکمل طور پر یقینی بنائیں گے پاکستان کو مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ بنانے کے لئے اداروں کو سیاسی مداخلت سے بھی مکمل پاک کرنا لازم ہے اور حکومت اسی پالیسی پر گامزن ہے۔ وہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ٹریننگ کالج میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کرنے کی تقریب، افسران سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ اس موقع پر صوبائی وزراء اعجاز عالم، میاں خالد محمود، آئی جی موٹر وے ڈاکٹر سید سلیم امام، ڈی آئی جی ٹریننگ کالج محبوب اسلم اوراراکین قومی و صوبائی اسمبلی سمیت دیگر بھی موجود تھے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورنے کہا کہ اس وقت پاکستان کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے جن سے نمٹنے کے لئے سب کو مل جل کر کام کرنا ہوگا۔ اْنہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے بھارت آج بھی پاکستان میں اَمن کے خلاف سازشیں کررہا ہے اور یہاں پر عدم استحکام پیدا کرنا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وقت آچکا ہے کہ ملک دشمنوں کے عزائم کو ناکام بنایا جائے جس کے لئے اپوزیشن جماعتوں کو سیاسی مفادات سے بالا تر ہو کر فیصلے کرنا ہوں گے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس پاکستان کا قابلِ رشک ادارہ ہے اور حکومت تمام اداروں میں ایسے ہی میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ کرپشن کا بھی مکمل خاتمہ چاہتی ہے جس کے لئے تمام اقدامات کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ عوام کو پینے کا صاف پانی مہیا کرنے کے لئے پنجاب آب پاک اتھارٹی نے میری نگرانی میں بھر پور کام شروع کردیا ہے  اْنہوں نے کہا کہ آج مَیں نے پولیس ٹریننگ کالج میں پلانٹ کا افتتاح کیا ہے یہ سرور فاؤنڈیشن کی جانب سے پولیس افسران اور دیگر عملے کو تحفہ ہے  تقریب سے خطاب کے دوران آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس ڈاکٹر سید سلیم امام نے فلٹریشن پلانٹ لگانے پر گورنر پنجاب اور سرور فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہماری بہت بڑی ضرورت تھی جو آپ نے پوری کردی ہے۔تقریب کے اختتام پر گورنر پنجاب چوہدی محمد سرور کوموٹر وے پولیس کی جانب سے یادگاری شیلڈ دی گئی جبکہ گورنر پنجاب نے ڈی آئی جی ٹریننگ کالج کو تعریفی سرٹیفکیٹ دیا۔
گورنر پنجاب 

مزید :

صفحہ آخر -