معیشت وینٹی لیٹر پر، ملک میں احتساب اور انصاف نام کے کوئی چیزنہیں: سراج الحق
لاہور (آن لائن) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے عوام کو کریک ڈاؤن، لاک ڈاؤن اور بریک ڈاؤن کے تحائف دیئے۔ بجلی تو بحال ہو گئی، بتایا جائے معیشت کب بحال ہو گی۔ ملک میں احتساب اور انصاف نام کی کوئی چیز نہیں۔ معیشت وینٹی لیٹر پر، جبکہ امن و امان کی صورتحال مخدوش ہے۔ حکومت نے عوام کو بدحال اور مایوس کردیا۔ گزشتہ ڈھائی سا ل میں عوامی فلاح کا ایک بڑا منصوبہ کاغذوں پر بھی سامنے نہیں آیا۔ قوم استعماری نظام اور اس کے آلہ کاروں سے نجات چاہتی ہے۔ اسلامی نظام کا قیام جماعت اسلامی کی جدوجہد کا مقصد ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ دعوؤں کے باوجود موجودہ حکومت احتساب کے نظام کو موثر بنانے میں مکمل طور پر ناکام ہو گئی ہے۔ کرپشن کے خلاف مہم کے نام پر یکطرفہ تماشا جاری ہے۔ عوام تھانوں، کچہریوں میں ذلیل و خوار ہو رہے ہیں۔ بر وقت اور سستے انصاف کی فراہمی کے لیے گزشتہ ستر برسوں میں کچھ نہیں کیا گیا۔ تھانہ کلچر ویسے کا ویسا ہے۔ لوگ پولیس سے خوف محسوس کرتے ہیں۔ دہشت گردانہ سرگرمیوں میں اضافہ ہو رہاہے۔ لوگ عوام آپ کو گھروں میں بھی غیر محفوظ سمجھتے ہیں۔ معیشت تباہی کے دہانے پر ہے لاکھوں پڑھے لکھے نوجوان روزگاری لیے لیے مارے مارے پھرر ہے ہیں۔ پی ٹی آئی حکومت نے لوگوں کو نا صرف مایوس کیا بلکہ مہنگائی، بے روزگار اور بدامنی کے تحائف دے کر انہیں کو بدحال بھی کردیا۔
سراج الحق