بد عنوان اپوزیشن کو ماضی میں این آر او دیکر ملک کو نقصان پہنچایا گیا: شبلی فراز

  بد عنوان اپوزیشن کو ماضی میں این آر او دیکر ملک کو نقصان پہنچایا گیا: شبلی ...

  

 اسلام آباد(اے پی پی)وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اپنے بدعنوان قائدین کیلئے این آر کی تلاش میں ہے، ماضی میں ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے بدعنوان قائدین کو این آر او دیکر ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا، اب بھی یہ لوگ حکومت پر دباؤ ڈالنے کیلئے مختلف دھمکیاں دے رہے ہیں لیکن وزیراعظم عمران خان دباؤمیں آنے والے نہیں اور وہ کسی صورت میں انہیں این آر او نہیں دیں گے، خود کو جمہوریت کا چیمپئن کہنے والے جمہوری طریقے سے منتخب حکومت کو غیرجمہوری طریقے سے گرانے کیلئے کوششیں کر رہے ہیں، اصل میں یہ جمہوری نہیں کاروباری لوگ ہیں جنہوں نے ہمیشہ سیاست کا لبادہ اوڑھ کر صرف کاروبار کیا ہے، اپوزیشن 2018ء انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے ہوائی باتیں نہ کرے، ثبوت ہیں تو الیکشن کمیشن کو پیش کرے۔ پیر کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اور تحریک انصاف کے دھرنے کا کوئی موازنہ نہیں ہے، تحریک انصاف 2013ء انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے ٹھوس شواہد کے ساتھ الیکشن کمیشن آف پاکستان اور سپریم کورٹ گئی تھی، اپوزیشن کے پاس 2018ء انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے کوئی ثبوت نہیں ہیں یہ صرف ہوائی باتیں کر رہے ہیں، اگر ان کے پاس ثبوت ہیں تو دو سال تک سوئے کیوں رہے، متعلقہ اداروں کے پاس جاتے، اب یہ لوگ بغیر کسی وجہ کے سڑکوں پر آ گئے ہیں۔ شبلی فراز نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کے ساتھ نیب کیسز اور این آر او کے علاوہ انتخابی اصلاحات سمیت ہر قومی ایشو پر بات کرنے کیلئے تیار ہے، تحریک انصاف حکومت بدعنوان عناصر کے خلاف احتساب کے نعرے کے ساتھ اقتدار میں آئی ہے اسلئے اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے اپنے کیسز بند کرانے کیلئے براڈشیٹ کمپنی کو رشوت کی پیشکش کی، حقائق قوم کے سامنے آ چکے ہیں اور انہیں چاہیے کہ واپس آ کر عدالتوں میں اپنے بدعنوانی مقدمات کا سامنا کریں۔

شبلی فراز

مزید :

صفحہ اول -