نیب لاہو ر کا خواجہ سعد رفیق کیخلاف لوکو موٹو انکوائری بند کرنے کا فیصلہ 

  نیب لاہو ر کا خواجہ سعد رفیق کیخلاف لوکو موٹو انکوائری بند کرنے کا فیصلہ 

  

 لاہور(آن لائن)قومی احتساب بیورو نے مسلم لیگ ن کے رہنما سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے خلاف لوکو موٹو انکوائری بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ اس حوالے سے تفصیلات میں نیب ذرائع کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ ڈی جی نیب لاہور کی جانب سے تفتیشی ٹیم کی انکوائری بند کرنے کی سفارش کی گئی ہے، جس کی رپورٹ چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کو بھجوا دی گئی ہے، چیئرمین نیب انکوائری بند کرنے کی حتمی منظوری دیں گے۔واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد سمیت دیگر پر ان کے دور وزارت میں ریلوے کے لیے مہنگے داموں لوکو موٹیو خریدنے کے الزامات تھے۔ دوسری جانب خواجہ سعد رفیق کے خلاف احتساب عدالت نے پیراگون ہاؤسنگ سٹی ریفرنس میں مزید دو گواہوں اسلم گجر اور محمد سلیم کو طلب کرلیا،دوران سماعت خواجہ سعد رفیق کے وکیل اور نیب پراسیکیوٹر کے درمیان تلخ کلامی ہوئی بعد ازاں امجد پرویز نے نیب پراسیکیوٹر سے معذرت کی، احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن نے پیراگون ہاؤسنگ سٹی ریفرنس کی سماعت شروع کی تو خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق عدالت میں پیش ہوئے جبکہ خواجہ برادران کے وکیل اشتر اوصاف اور امجد پرویز ایڈووکیٹ نے گواہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایل ڈی اے اقصی جبیں پر جرح کی۔نیب کی گواہ اقصی جبیں نے کہا کہ میں 2014 سے ایل ڈی اے میں بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کام کررہی ہوں، ایل ڈی اے میں بطور سی ایم بی میں کام کررہی ہوں، خواجہ سعد رفیق کے وکیل کے سوال پر نیب گواہ نے بتایا کہ نیب کے تفتیشی افسر کو پیراگون سوسائٹی کا جو ریکارڈ دیا گیا وہ تصدیق شدہ ہے اور اس میں خواجہ سعد رفیق کا نام نہیں جب کہ نیب کے تفتیشی افسر کا لیٹر ریکارڈ کے ساتھ لف کیا ہے۔عدالت نے لیٹر کی کاپی خواجہ برادران کے وکلا  کو فراہم کرنے کا حکم دیا جبکہ وکیل کے استفسار پر گواہ نے بیان دیا کہ نیب لاہور نے 2017 کو لیٹر ایل ڈی اے کو لکھا جس میں غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی کا ریکارڈ مانگا تھا۔ 

لوکو موٹیو انکوائری

مزید :

صفحہ اول -