گرینڈ ہیلتھ الائنس ایم ٹی آئی ایکٹ کیخلاف سروسز ہسپتال میں 14جنوری کو مظاہرہ کریگی 

    گرینڈ ہیلتھ الائنس ایم ٹی آئی ایکٹ کیخلاف سروسز ہسپتال میں 14جنوری کو ...

  

 لاہور(جاوید اقبال) شیخ زید ہسپتال سمیت دیگر ہسپتالوں میں ایم ٹی آئی ایکٹ کے نفاذ کے خلاف گرینڈ ہیلتھ الائنس پاکستان 14جنوری کو سروسز ہسپتال میں طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔ہیلتھ پروفیشنلز کی بیس سے زائد تنظیموں کے عہدیداران،ڈاکٹرز،نرسز،پیرا میڈیکل سٹاف،سینٹری ورکرزبھی اس مظاہرے میں شریک ہوں گے۔اس سلسلہ میں ڈاکٹر ز کنونشن بھی ہو گا،پمز اسلام آباد کے علاوہ سیالکوٹ کے چار اداروں جہاں ایم ٹی آئی ایکٹ نافذ کیا گیا ہے سے بھی تنظیمیں لاہور پہنچیں گی۔جبکہ میزبان ڈاکٹرز تنظیم ینگ کنسلٹنٹ ایسوسی ایشن آف پاکستان نے ایم ٹی آئی کے خلاف لاہور میں ہونے والے پہلے منظم مظاہرے اور ڈاکٹرز کنونشن کو کامیاب کرنے کے لئے ہیلتھ پروفیشنلز کی تنظیموں کی قیادت سے رابطے شروع کر دیئے ہیں۔اس سلسلہ میں گرینڈ ہیلتھ الائنس پاکستان کے صدر ڈاکٹر حامد مختار بٹ سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ 14جنوری کو تما م ڈاکٹر ز اور پیرا میڈیکل نرسوں کی تنظیمیں ایم ٹی آئی ایکٹ کے نام پر نافذ ہونے والے کالے قانون کے خلاف احتجاج میں شامل ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ شیخ زید ہسپتال لاہور کے بعدمیو ہسپتال میں ایم ٹی آئی ایکٹ نافذ کرنے کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں اس کے بعد ایک ایک کر کے سب میں یہ کالا قانون نافذ ہو گا۔ہم اس کو پہلے بھی مسترد کر چکے ہیں اور سروسز ہسپتال میں ہیلتھ پروفیشنلز کا اجتماع اس ڈاکٹر اور مریض دشمن اس ایکٹ کے خلاف ریفرنڈم ثابت ہو گا۔اس سلسلہ میں دیگر رہنماؤں ملک منیر،یوسف بلاء،نصرت شیخ،اعظم خلجی،یوسف علی ظفر نے کہا کہ چودہ جنوری کو دمادم مست قلندر کا اعلان کریں گے۔۔

گرینڈ ہیلتھ الائنس 

مزید :

صفحہ اول -