پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کو آئندہ برس ساؤتھ ایشین گیمز کی میزبانی کا گرین سگنل مل گیا

پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کو آئندہ برس ساؤتھ ایشین گیمز کی میزبانی کا گرین ...
پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کو آئندہ برس ساؤتھ ایشین گیمز کی میزبانی کا گرین سگنل مل گیا
سورس: Twitter

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) حکومت نے پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن (پی او اے) کو پاکستان میں آئندہ برس ہونے والے ساؤتھ ایشن گیمز کی میزبانی کا گرین سگنل دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن نے اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، بین الصوبائی رابطے کی وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کے حکام بھی موجود تھے۔

اس موقع پر پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کے صدر نے وزیراعظم عمران خان اور میٹنگ کے دیگر شرکاءکو ساؤتھ ایشین گیمز کی تیاری کے بارے میں آگاہ کیا جس پر حکومتی اور عسکری قیادت کی جانب سے مکمل تعاون اور ہر قسم کی مالی سپورٹ کا بھی یقین دلایا گیا، ملاقات میں مہمان کھلاڑیوں کی سیکیورٹی کے امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

واضح رہے کہ عالمگیر وبا کورونا وائرس کی وجہ سے 2020ءمیں 14ویں ایشین گیمز نہیں ہوسکے تھے جس کا میزبان پاکستان ہے جبکہ اس سے قبل پاکستان نے 1989ءاور 2004ءمیں ان کھیلوں کی میزبانی کی تھی تاہم اب حکومت کی جانب سے گرین سگنل ملنے کے بعد پی او اے کے حکام ساؤتھ ایشین گیمز فیڈریشن کے ساتھ رواں سال ہونے والے گیمز کی تاریخ کو حتمی شکل دیں گے۔

امکان ہے کہ یہ مقابلے اپریل یا اگست میں ہوں گے جس میں بھارت کو بھی شرکت کرنے کیلئے ساؤتھ ایشین گیمز فیڈریشن کے حکام بات چیت کریں گے البتہ بھارت کی عدم شرکت کی صورت میں اس کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ساؤتھ ایشین گیمز میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان، نیپال، بھوٹان اور مالدیپ کے کھلاڑی ایکشن میں ہوں گے۔

مزید :

کھیل -