8 ارب کی مشکوک ٹرانزیکشن کیس : آصف زرداری کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)اسلام آبادہائیکورٹ نےآٹھ ارب کی مشکوک ٹرانزیکشن کیس میں آصف زرداری کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظورکرلی اورسابق صدرکی عبوری ضمانت میں 28 جنوری تک توسیع کردی،عدالت نے آصف زرداری کیلئے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کاحکم دیدیا۔
نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق صدرآصف زرداری کی مشکوک ٹرانزیکشنز کیس میں ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی، سابق صدر کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ آصف زرداری کراچی کے ہسپتال میں زیرعلاج ہیں، عدالت نے استفسارکیاکہ کیا آپ نے ضمانت کے دونوں فیصلوں کو ریکارڈ کا حصہ بنایا ہے؟،فاروق ایچ نائیک نے کہاکہ دونوں فیصلے ایک ہی دن کے ہیں ریکارڈ پر موجود ہیں، جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ ہم میڈیکل بورڈ بنا دیتے ہیں اور اس کی رپورٹ کا انتظار کر لیتے ہیں، جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کو بیماری کیا ہے ؟، فاروق ایچ نائیک نے کہاکہ آصف زرداری کو دل، کمر کا درد اور شوگر کی بیماریاں ہیں۔
جسٹس عامر فاروق نے استفسارکیا کہ نیب کا میڈیکل بورڈ کے معاملے پر کیا موقف ہے؟،پراسیکیوٹر نیب نے کہاکہ عدالت کسی بھی سرکاری ہسپتال کے ڈاکٹروں پر مشتمل بورڈ تشکیل دے، جسٹس محسن اخترکیانی نے کہاکہ آپ بھی بتا دیں کل نیب کا بورڈ پر اعتراض نہ آ جائے ،پھر وہ باتیں نہیں ہونی چاہئیں جو پہلے بورڈ کی رپورٹ پر ہوتی رہی ہیں۔
وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہاکہ دل کے ہسپتال این آئی سی وی ڈی کے میڈیکل ڈائریکٹر کو بورڈ کا سربراہ بنا دیں،عدالت نے سابق صدر آصف زرداری کی آج کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی اور عبوری ضمانت میں 28 جنوری تک توسیع کردی، عدالت نے آصف زرداری کی صحت کا معائنہ کرنے کیلئے میڈیکل بورڈ تشکیل دیدیا۔