’نیوزی لینڈ کیخلاف قومی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی پر دکھ ہے‘ بابراعظم نے بھی حال دل سنا دیا

’نیوزی لینڈ کیخلاف قومی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی پر دکھ ہے‘ بابراعظم نے بھی ...
’نیوزی لینڈ کیخلاف قومی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی پر دکھ ہے‘ بابراعظم نے بھی حال دل سنا دیا
سورس: Twitter

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے بھی نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی 20 اور ٹیسٹ سیریز میں قومی ٹیم کی مایوس کن پرفارمنس پر دکھ کا اظہار کر دیا جن کا کہنا ہے کہ انجری کی وجہ سے باہر بیٹھنا تکلیف دہ تھا تاہم جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز کیلئے مکمل تیار ہوں۔ 

تفصیلات کے مطابق نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں ٹریننگ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابراعظم نے کہا کہ انجری کی وجہ سے نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی 20 اور سیریز میں باہر بیٹھنا تکلیف دہ وقت تھا تاہم اب مکمل صحت یاب ہو کر پریکٹس شروع کردی ہے اور جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کیلئے مکمل تیار ہوں، بڑی خوشی ہے طویل عرصے بعد جنوبی افریقہ کی ٹیم پاکستان آرہی ہے جو خوش آئند بات ہے البتہ ہوم سیریز میں تماشائیوں کی کمی محسوس ہو گی۔ 

قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ان فٹ ہوکر سیریز نہ کھیلنے کا افسوس ہے کیونکہ ٹیم کو میری ضرورت تھی مگر میں نہیں کھیل سکا، جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں اچھی کارکردگی دکھانے کی بھرپور کوشش کریں گے، جنوبی افریقہ اچھی ٹیم ہے اس کے خلاف کامیابی اہم ہو گی، ابھی نئے چیف سلیکٹر سے ملاقات نہیں ہوئی، ٹیم کے حوالے سے حالات دیکھ کر فیصلہ کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں بابراعظم نے کہا کہ محمد حفیظ سینئر کھلاڑی ہیں جنہوں نے انگلینڈ کے بعد نیوزی لینڈ میں بھی کارکردگی دکھائی ہے اور ہم ان سے سیکھنے کی کوشش کرتے ہیں، نیوزی لینڈ میں ٹیسٹ سیریز کیلئے محمد حفیظ کو روکنے سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی تھی، عبداللہ شفیق اور دیگر کھلاڑیوں میں بڑا کھلاڑی بننے کی صلاحیت ہے۔

محمدعامر کی ریٹائرمنٹ کے سوال پر بابر اعظم کا موقف تھا کہ عامر کی پرفارمنس اتنی اچھی نہیں تھی جس کی بنا پر ڈراپ ہوئے، محمد عامر پرفارم کریں گے تو سلیکٹرز ضرور ان سے بات کریں گے۔ بابراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ایک سیریز کی کارکردگی کی بنیاد پر تنقید کرنا اچھی چیز نہیں ہے، کارکردگی میں بہتری کیلئے مشکل وقت میں سپورٹ کرنا ہو گا، مجھے باﺅلرز پر پورا بھروسہ ہے کہ یہ ہی لڑکے آئندہ سیریز میں اچھا پرفارم کریں گے

مزید :

کھیل -