’ شکر ہے کہ ٹم پین پاکستانی ٹیم کا وکٹ کیپر نہیں‘ کامران اکمل نے طنز کے نشتر چلا دئیے

’ شکر ہے کہ ٹم پین پاکستانی ٹیم کا وکٹ کیپر نہیں‘ کامران اکمل نے طنز کے نشتر ...
’ شکر ہے کہ ٹم پین پاکستانی ٹیم کا وکٹ کیپر نہیں‘ کامران اکمل نے طنز کے نشتر چلا دئیے
سورس: Twitter

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان جاری سیریز میں آسٹریلین وکٹ کیپر ٹم پین کی ناقص کارکردگی کی مثال دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ پاکستانی ٹیم کے کھلاڑی ہوتے تو ان کے بارے میں بہت خوفناک باتیں کی جاتیں۔ 

تفصیلات کے مطابق کامران اکمل بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ میچ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ”اگر آسٹریلین کھلاڑیوں نے کیچ ڈراپ نہ کئے ہوتے تو آج جیت کا جشن منا رہے ہوتے، بہرحال ایسا نہیں ہوا اور فیلڈنگ نے ایسا نہیں ہونے دیا۔ آسٹریلین ٹیم کی خوبی یہ ہے کہ وہ زیادہ غلطیاں نہیں کرتے لیکن اس مرتبہ انہوں نے ایک ہی روز سب غلطیاں کر ڈالیں۔ ٹیم پین کی کارکردگی بہت زیادہ ناقص رہی مگر ایسا ہوتا ہے اور ہر وکٹ کیپر کیچ ڈراپ کرتا ہے مگر ہم کیا کہہ سکتے ہیں۔“ 

انہوں نے کہا کہ ”مجھے خوشی ہے کہ پاکستان وہاں نہیں کھیل رہا اور ٹیم پین پاکستانی ٹیم کے کھلاڑی نہیں ہیں، ورنہ ان کے بارے میں ابھی تک بہت کچھ کہا جا چکا ہوتا۔ اب میں دیکھوں گا کہ وہ لوگ اس بارے میں کیا کہتے ہیں جو تواتر کیساتھ میرے بارے میں باتیں کرتے آئے ہیں۔ یہ ایک بہت ہی دلچسپ ٹیسٹ میچ تھا اور آسٹریلین ٹیم نے بہت کوشش کی، وہ میچ میں کسی وقت بھی ہمت نہیں ہارے مگر جیتنے میں بھی کامیاب نہ ہو سکے، مقابلے کے رویہ ہی ان کا سب سے بڑا سرمایہ ہے۔“

مزید :

کھیل -