ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اصلاح الدین کی اغوا کے بعد رہائی، اغواکاروں نے ان کے ساتھ کیا کچھ کیا؟
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کی قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اصلاح الدین کو گاڑی سمیت اغوا کرلیا گیا تاہم ڈیڑھ گھنٹے بعد اغوا کار انہیں چھوڑ کر گاڑی لے کر فرار ہوگئے۔
نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان اصلاح الدین نے بتایا کہ وہ دوست کی والدہ کے جنازے میں شرکت کیلئے گلستان جوہر گئے تھے جہاں تین ملزمان آئے اور انہوں نے انہیں پکڑ کر دھکے دیکر گاڑی کی پچھلی سیٹ پر لٹادیا، ان میں سے دو کے پاس اسلحہ تھا۔
اصلاح الدین کے مطابق ملزمان سے انہوں نے کہا کہ تم کیا چاہتے ہو، اگر گاڑی چاہیے تو لے جاؤ، ملزمان انہیں ایک سے سوا گھنٹے تک شہر کی سڑکوں پر گھماتے رہے، جیب سے موبائل، پرس اور 15 ہزار روپے نکال لیے۔
اغوا کاروں نے ایک سے ڈیڑھ گھنٹے بعد اصلاح الدین کو صفورہ چورنگی کے قریب چھوڑ دیا اور ان کی گاڑی لے کر فرار ہوگئے۔ ہاکی ٹیم کے سابق کپتان کے مطابق انہوں نے گلستان جوہر تھانے میں اپنے ساتھ پیش آنے والی واردات کی اطلاع دے دی ہے۔