سینیٹر شیری رحمان ایوان بالا میں حکومت پر برس پڑیں ، وفاق کو صوبوں کے حقوق سلب کرنے پر بڑی وارننگ دے دی

سینیٹر شیری رحمان ایوان بالا میں حکومت پر برس پڑیں ، وفاق کو صوبوں کے حقوق ...
سینیٹر شیری رحمان ایوان بالا میں حکومت پر برس پڑیں ، وفاق کو صوبوں کے حقوق سلب کرنے پر بڑی وارننگ دے دی

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں پاکستان کا مذاق اڑ رہا ہے،وزیراعظم پارلیمان سے  پوچھےبغیر مِنی بجٹ منظور کر کے روزانہ کی بنیاد پر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کررہے ہیں،حکومت کی تمام تر توجہ عوام کے مسائل حل کرنے پر نہیں بلکہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) پر ہے،حکومت نے اگر صوبوں کے حقوق سلب کئے تو جو بچا کچھا پاکستان چل رہا ہے وہ بھی نہیں چلے گا۔

ایوانِ بالا میں خطاب کرتے ہوئے سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت کے اعصاب پر سوار ہے ،پاکستان کی حکمرانی آئین اور پارلیمنٹ کے ذریعے ہوتی ہے ،اِنہوں نے عوام اور پارلیمان  کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا ہے ،پارلیمنٹ ،نیشنل اسمبلی کے ذریعے بھی یہ کام نہیں کر پا رہے،اگر آپ پارلیمان کو بائے پاس کر رہے ہیں تو پھر آپ نہ تیتر ہیں اور نہ ہی بٹیر ہیں ۔انہوں نے کہا کہ9 سال سےخیبرپختونخوا( کے پی کے) میں تحریک انصاف کی حکومت ہے لیکن اِنہوں نے وہاں پر کچھ نہیں کیا ،کے پی  کا جو حال ہے اس پر توبہ ہی کی جا سکتی ہے ،کے پی میں لوگوں کو معالج نہیں مل رہا اور وہاں  سے لوگ علاج کے لئے سندھ جا رہے ہیں جبکہ حکمران سندھ کے ہسپتال بھی ہڑپ کرنا چاہتے ہیں ، بدقسمتی کی بات ہے کہ ان پرنیب کی نظر ہی نہیں پڑ رہی ،بلین ٹری سونامی کیا نیب کو نظر نہیں آتا ؟۔سینیٹر شیری رحمان کا کہنا تھا کہ دنیابھر میں پاکستان کا مذاق اُڑ رہا ہے،تباہی خان نے ہر قسم کی تاریخ رقم کی ہے ،اس ملک کی حکمرانی ہمیں نہیں پتا کہاں سے چل رہی ہے؟اگر حکومت نے صوبوں کے حقوق سلب کئے تو جو بچا کچھا پاکستان چل رہا ہے وہ بھی نہیں چلے گا،سینیٹ کے ذریعے بھی بہت کام ہو سکتا ہے لیکن سوال ہے کہ یہاں پر وزیراعظم کتنی دفعہ آئے ہیں ؟اِنہیں کس بات کا ڈر ہے ؟کس ایگزیکٹو اتھارٹی سے یہ ملک چلانا چاہتے ہیں اور کس ون یونٹ میں یہ ملک کو لیجانا چاہتے ہیں ؟حکمران بتائیں ان سے ملک کا کون سا شعبہ چل رہا ہے ؟ ۔

مزید :

علاقائی -اسلام آباد -