کراچی میں پانچویں کے طالبعلم نے اپنے ہم جماعت کو قتل کردیا، اور وجہ بھی اتنی معمولی کہ یقین نہ آئے
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی میں پانچویں کے طالب علم نے اپنے ایک ہم جماعت کو موت کے گھاٹ اتار ڈالا۔ ویب سائٹ ’پڑھ لو‘ کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ منگھوپیر کے علاقے میں پیش آیا جہاں ملزم نے اپنے دو دوستوں کے ساتھ مل کر 12سالہ ہم جماعت کو مار مار کر قتل کر دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول طالب علم کی تشددزدہ لاش الطاف نگر میں ایک خالی پلاٹ سے برآمد ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق مقتول کی شناخت ارباز کے نام سے ہوئی ہے جبکہ قاتل کا نام ارحم بتایا گیا ہے۔ ارباز اپنے موبائل فون میں گیمز ڈاﺅن لوڈ کرنے کے لیے اپنے دوست کے گھر گیا اور لاپتہ ہو گیا تھا۔ بعد ازاں اس کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی۔ پولیس نے فوری طور پر ارحم کو گرفتار کر لیا اور پھر اس کی نشاندہی پر اس کے دیگر دوساتھیوں کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔ ملزم نے دوران تفتیش بتایا کہ اسے امتحان میں آنے والے کچھ اہم سوالات کے بارے میں پتا چل گیا تھا جو اس نے اپنے ساتھیوں کو بتا دیئے، ان میں ارباز بھی شامل تھا اور ملزم کو خدشہ تھا کہ ارباز اس کا یہ راز فاش کر دے گا چنانچہ اس نے ارسلان اور ایک اور دوست کے ساتھ مل کر اسے قتل کر دیا۔