ملک بھرمیں بلیک آؤٹ کیسے ہوا؟ اندرونی کہانی سامنے آگئی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) گزشتہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب ملک بھر میں ہونے والے بجلی کے بریک ڈاؤن ہونے کی اندرونی کہانی منظر عام پر آگئی، نیشنل ٹرانسمیشن ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) حکام کے مطابق سرکٹ بریکر غلط طریقے سے بند کرنے کی وجہ سے بلیک آؤٹ ہوا۔
نجی ٹی وی سماء نیوز کےمطابق بلیک آؤٹ کی بنیادی وجہ انسانی غلطی قرار دی گئی ہے، این ٹی ڈی سی حکام کا کہنا ہے کہ سرکٹ بریکر غلط طریقے سے بند کرنےپر گدو پاور پلانٹ بیٹھ گیا جس سے پلانٹ سے نکلنے والی ٹرانسمیشن لائنیں بھی ٹرپ کر گئیں۔ حکام کے مطابق گدو پاور پلانٹ کے سرکٹ بریکر کو غلط طریقے سے بند کیا گیا جبکہ پلانٹ کے سوئچ یارڈ میں لگے بریکر کی مرمت جاری تھی اور مرمت بھی بغیر منظوری کے کی جارہی تھی۔ حکام کے مطابق دن کو کام کرنے والا عملہ سرکٹ بریکر کو بند کیے بغیربھی چلا گیا تھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب ملک بھر میں بلیک آؤٹ ہو گیا تھا جو کہ 24 گھنٹوں کے بعد بحال کیا جاسکا، اس معاملے پر گدو پلانٹ کے سات ملازمین کو بھی فارغ کر دیا گیا تھا۔