لاہور(خصوصی رپورٹ)حکومت پنجاب اور ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے منعقدہ تقریب میں ٹرانسپورٹ کے شعبے میں تبدیلی لانے کیلئے انقلابی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا۔فلیٹیز ہوٹل میں منعقدہ تقریب میں حکومت پنجاب کی جانب سے پائیدار او ر ماحول دوست ذرئع آمدو رفت کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔اس ضمن میں کیے گئے اقدامات کے تحت بی او پی کے تعاون سے پنجاب بھر میں یونیورسٹی کے طلباء کو 10,000 ای-بائیکس فراہم کرنے کیلئے بلاسود قرض فراہم کرنے کی سکیم کا آغاز کیا گیا۔ حکومت پنجاب کی جانب سے ریٹروفیٹڈ تھری وہیلر کے لیے ایک خصوصی رجسٹریشن کے علاوہ ای رکشا کے لیے اولین لائسنس کا اجراء کیا گیا جو کہ پنجاب میں نقل و حمل کے پائیدارحل کی جانب منتقلی میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے ای-موبلٹی کو فروغ دینے اور پنجاب میں نقل و حمل کے منظر نامے کو تبدیل کرنے کے لیے حکومت کے عزم کا اظہار کیا۔تقریب میں دی بینک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعود، بینک کے سینیئرعہدیداران، اعلیٰ سطحی سرکاری افسران اور الیکٹرانک گاڑیاں بنانے والے مختلف اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دی بینک آف پنجاب کے صدر اور سی ای او ظفر مسعود نے پروگرام کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام سے پنجاب کے عوام کیلئے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ، ماحولیاتی تحفظ، بااختیارنوجوان،گرین فنانسنگ، مالیاتی شمولیت اور وسیع تر رسائی کے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس شراکت داری کی اہمیت اجاگرکی جس کے نتیجے میں ماحول کو تحفظ حاصل ہو گیا۔
پنجاب بینک