پنجاب اور خیبر پختونخوا میں دھند، مزید 10پروازیں منسوخ
لاہور (آئی این پی) پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں دھند کے باعث مزید 10 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق شارجہ، دبئی سے پشاور اور جدہ سے ملتان کی پروازوں کو اسلام آباد اور لاہور منتقل کر دیا گیا۔قومی ایئر لائن پی آئی اے کی شارجہ سے پشاور کی پرواز پی کے 258 اسلام آباد میں اتاری گئی۔جدہ سے پشاور کے لیے پی آئی اے کی پرواز پی کے 284 اسلام آباد منتقل کی گئی جبکہ جدہ سے ملتان کی پرواز پی کے 840 لاہور اتار لی گئی۔کراچی سے اسلام آباد، سکھر، پشاور، لاہور کی 8 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔نجی ایئر لائن کی دبئی سے ملتان اور شارجہ سے پشاور کی پروازیں بھی منسوخ کر دی گئیں۔ نئے سال کے پہلے 10دن کے دوران 330پروازیں منسوخ کی جا چکی ہیں۔دوسری جانب ملک کے میدانی علاقوں میں دھند کا راج برقرار ہے، دھند کے باعث موٹرویز کو مختلف مقامات پر ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا۔ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق موٹر وے ایم 1پشاور سے شکئی تک دھند کی وجہ سے بند رہی، موٹر وے ایم 3 سمندری سے درخانہ تک، موٹر وے ایم 4 شورکوٹ سے فیصل آباد تک دھند کی وجہ سے بند رہی۔ موٹر وے ایم 5شیرشاہ سے ظاہر پیر تک جبکہ ایم 5رحیم یار خان سے روہڑی تک ٹریفک کے لئے بند رہی۔ ترجمان موٹر وے پولیس نے مزید کہا کہ موٹر ویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کے لئے بند کیا جاتا ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ دھند میں ڈرائیورز اپنی گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں، غیرضروری سفر اور تیز رفتاری سے پرہیز کریں، ڈرائیورز دھند میں اپنی گاڑیوں کے درمیان مناسب فاصلہ رکھیں۔
دھند