توشہ خانہ ریفرنس میں 4گواہوں کے بیانات قلمبند، آج مزید گواہ طلب
راولپنڈی (این این آئی)راولپنڈی کی احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کے خلاف توشہ خانہ کیس میں 4 گواہوں کے بیانات قلمبند کر لیے ہیں۔بانی پی ٹی آئی، بشری بی بی کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اڈیالہ جیل میں کی، عمران خان کو عدالت میں پیش کیا گیا، ان کی اہلیہ بشری بی بی پیش نہیں ہوئیں۔وکیل صفائی لطیف کھوسہ، نعیم پنجوتھا، عمیر نیازی، شیراز رانجھا جبکہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (نیب)کی جانب سے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی، امجد پرویز، عرفان بھولا عدالت میں پیش ہوئے، سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی کی بہنیں بھی کمرہ عدالت میں موجود تھیں۔نیب کی جانب سے توشہ خانہ ریفرنس میں 9 گواہان کو عدالت میں پیش کیا گیا جن میں سے 4 گواہوں کے بیانات قلمبند کرلیے گئے، سیکشن افسر توشہ خانہ بن یامین اور ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب قیصر محمود کا بیان قلمبند کیا گیا۔جوائنٹ ڈائریکٹر اسٹیٹ بینک پاکستان (ایس بی پی)ساجد خان اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر وزارت خارجہ محمد فہیم کا بھی بیان قلمبند کر لیا گیا۔بعد ازاں توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت آج تک ملتوی کردی گئی، عدالت نے (آج) جمعہ کو مزید گواہوں کو طلب کرلیا
توشہ خانہ