غلامی سے موت بہتر، جیل میں اگر رونا ہوتا تو بہت پہلے ہاتھ کھڑے کر دیتا : عمران خان
راولپنڈی (این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے کہا ہے جیل میں اگر رونا ہوتا تو بہت پہلے ہاتھ کھڑا کردیتا۔ان خیالات کا اظہار عمران خان نے گزشتہ روز کمرہ عدالت میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا اور مزیدکہا امجد خان کو ٹارچر کیا گیا تاکہ وہ الیکشن نہ لڑسکے اور اس سے پارٹی کو چھڑوایا جائے، امجد خان آئی سی یو میں ہے، یہ انتہا ہے، پاکستان کی تاریخ میں کبھی ایسا نہیں ہوا۔ہمارے تھری ٹیئرز میں سے دو ٹیئرز سے پارٹی چھڑوا دی گئی، اس وقت ہمارا انڈر 16 کھیل رہا ہے، مسلم لیگ (ن)کو انہوں نے 2002 میں اشارہ ہی کیا تھا سب (ق)لیگ میں چلے گئے۔سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز سرٹیفائیڈ منی لانڈرز ہیں، پانامہ کے اندر دیکھیں اربوں روپے کے فلیٹس ثابت ہوچکے ہیں، شہباز شریف کےخلاف 24 ارب کے ثابت شدہ سکینڈلز کو معاف کردیا گیا، حسن نواز نے 18 ارب میں ون ہائیڈ پارک کی پراپرٹی ملک ریاض کو بیچی، ان کے کیسز اسلئے معاف کیے گئے کہ انہوں نے غلامی قبول کرلی۔بانی پی ٹی آئی نے کہا غلاموں کا کوئی مستقبل نہیں ہوتا، جمہوریت اور قانون کی بالادستی اکٹھے چلتی ہے، ہم ایک کیس سے نکلتے ہیں تو دوسرے میں ڈال دیتے ہیں، اس غلامی سے موت کو بہتر سمجھتا ہوں، غلامی کو شرک سمجھتا ہوں۔اس موقع پر صحافی نے سوال کیا کیا ڈائیلاگ ہو سکتا ہے؟بانی پی ٹی آئی نے جواب دیا ہم سے کوئی مذاکرات کرےگا تو ہی مذاکرات ہونگے، کوئی کرتا ہی نہیں ، میرے جیل میں رونے کی بات کرنےوالے کو بتا دو اگر رونا ہوتا تو بہت پہلے ہاتھ کھڑا کردیتا، اس ملک کی آزادی کےلئے جان کی قربانی دینے کےلئے بھی تیار ہوں، الیکشن نہ لڑسکا تو سپریم کورٹ جاونگا۔ اس وقت سپریم کورٹ پر بڑی ذمہ داری ہے، ایک ہی امید باقی ہے، پوری دنیا سپریم کورٹ کی طرف دیکھ رہی ہے، باقی سب ادارے مل چکے ہیں، نیب کو کوئی شرم نہیں ، نواز شریف اور زرداری نے توشہ خانہ سے بلٹ پروف گاڑیاں حاصل کیں، نواز شریف نے 6 لاکھ میں بلٹ پروف گاڑی لی، زرداری نے 3 گاڑیاں لیں، ان کے توشہ خانہ کیسز اسلئے بند ہیں کہ انہوں نے کہا ہم حاضر ہیں۔
عمران خان