کھاد کی قیمت میں اضافہ
وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے یوریا کھاد کی قیمت میں پانچ فیصد اضافے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ اضافہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب گندم کی فصل کو دوسرا پانی لگانے کے لئے کھاد کی اشد ضرورت ہے۔ یوریا کھاد کا سرکاری ریٹ تین ہزار 750روپے ہے مگر یہ پہلے ہی سرکاری ریٹ سے 50 فیصد زائد قیمت پر فروخت کی جا رہی ہے۔محکمہ زراعت اور دیگر محکموں کی کارروائیوں اور جرمانوں کے باوجود کھاد مافیا کسانوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف ہے۔ ضرورت اِس اَمر کی ہے کہ حکومت کاشتکاروں کا معاشی استحصال کرنے والے کھاد مافیاکی نشاندہی کرے اور ان کا سد ِباب کرنے کا اہتمام بھی کرے وگرنہ وہ نتائج حاصل ہونا ممکن نہیں ہیں جن کی حکومت توقع کر رہی ہے۔ اِس کے ساتھ ساتھ حکومت کو یوریا کھاد کی مقامی سطح پر پیداوار بڑھانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنا چاہئے تاکہ ملک میں ہر فصل کی بوائی کے وقت پیدا ہونے والے کھادکے بحران پر مستقل بنیادوں پر قابو پایا جا سکے۔