اسرائیلی فوج کی بمباری، 24گھنٹوں میں مزید 249فلسطینی شہید
بیت المقدس (این این آئی)اسرائیلی فوج کی الاقصٰی ہسپتال کے اطراف میں بمباری 40 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے، 24 گھنٹے میں اسرائیلی حملوں مزید 249 فلسیطینی شہید ہوگئے، حماس کی جوابی کارروائی میں 10 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے۔ رپورٹ کے مطابق رفح میں اسرائیلی حملے میں تقریباً 5 افراد شہید ہوئے، تازہ ترین حملے ایسے وقت ہوئے ہیں جب اسرائیل نے وسطی اور جنوبی غزہ میں فضائی اور زمینی بمباری میں تیزی کردی ہے۔اس کے علاوہ رفح کے قریب اسرائیلی حملے میں تقریباً 4 بچے شہید ہو گئے۔غزہ کے طبی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیل نے الاقصی ہسپتال کے قریب میزائل حملے کیے، جس کے نتیجے میں تقریباً 40 افراد شہید ہوگئے۔دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر رام اللہ میں فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس سے ملاقات کی، جہاں انہوں نے غزہ پر اسرائیل کی جنگ روکنے کے لیے کی جانے والی کوششوں اور انسانی امداد میں تیزی لانے کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔اس کے علاوہ مصر نے غزہ میں اسرائیلی قیدیوں کی رہائی کے لیے ایک نئی ڈیل تجویز کرنے کے لیے حماس اور فلسطینی اسلامی جہاد سے رابطہ کیا ہے۔دی ہیگ: اقوام متحدہ کی بین الاقوامی عدالت برائے انصاف میں اسرائیل کے خلاف فلسطینیوں کی نسل کشی پر جنوبی افریقا کی مقدمے کی پہلی سماعت کا آغاز ہوگیا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق عالمی عدالت انصاف میں جنوبی افریقا نے 84 صفحات پر مشتمل پٹیشن دائر کی تھی جس میں اسرائیل کو غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا تھا۔ درخواست گزار جنوبی افریقا اور دفاع کرنے والے اسرائیل کے نمائندے بھی بطور جج حصہ بنیں گے۔اس وقت عالمی عدالت انصاف میں 15 ججز جن ممالک سے ہیں ان میں امریکا، روس، چین، فرانس اور بھارت بھی شامل ہیں۔ امریکا اور روس بالترتیب عدالت کے صدر اور نائب صدر ہیں۔جنوبی افریقا کی اس درخواست کی پاکستان سمیت 13 ممالک نے حمایت کی تھی جب کہ اسے او آئی سی اور انٹرنیشنل جیوش اینٹی زوئینسٹ نیٹ ورک سمیت 5 عالمی ادارے بھی اسرائیل کے خلاف مقدمے کے حق میں ہیں۔اسرائیل کیخلاف جنوبی افریقا کے عالمی عدالت انصاف میں جانے کے معاملے کو دنیا بھر سے حمایت حاصل ہونے لگی۔غیرملکی میڈیا کے مطابق اس حوالے سے ایک برطانوی ویب سائٹ پر 3 لاکھ 20 ہزار سے زائد افراد نے دستخط کیے۔رپورٹس کے مطابق اس مہم کے منتظمین کا کہنا ہے کہ امید ہے کہ اس سے غزہ کے لوگوں کی مشکلات ختم ہو جائیں گی۔علاوہ ازیں عالمی عدالت انصاف کی سماعت سے پہلے اسرائیلی وزیراعظم کا غزہ پر قبضے کے حوالے سے لہجہ تبدیل ہو گیا۔ جنوبی افریقا نے غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی پر اسرائیل کے خلاف عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے) سے رجوع کر رکھا ہے، جنوبی افریقا کی جانب سے عالمی عدالت انصاف میں دائر درخواست پر 11 اور 12 جنوری کو سماعت ہو گی۔
فلسطینی شہید