پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری پہلے ٹی ٹوینٹی میچ کا حیران کن فیصلہ
ویلنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن ) نیوزی لینڈ نے پاکستان کو تین میچز کی سیریز کے پہلے ٹی ٹوینٹی میں46رنز سے شکست دیتے ہوئے فاتحانہ آغاز کر دیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی پوری ٹیم نیوزی لینڈ کی جانب سے دیئے گئے 227 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 18اوورز میں 180رنز بنا کر پولین لوٹ گئی جس میں بابراعظم 57 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔
پاکستان کی جانب سے ہدف کے تعاقب میں صائم ایوب اور محمد رضوان نے میدان میں اتر کر کھیل کا آغاز کیا لیکن صائم ایوب نے آتے ہی ہٹنگ کی کوشش کی اور سٹریٹ پر باونڈر کے قریب کیچ ڈراپ ہونے پر بال بال بچ گئے لیکن پھر بھی وہ 8 گیندوں پر 27 رنز بنا کر پولین لوٹ گئے ان کے ساتھ اوپننگ پر آنے والے محمدرضوان 25 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔ فخر زمان ہٹ کرنے کی کوشش میں بڑی غلطی کر بیٹھے اور پچ پر ہی باولر کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو کر پولین لوٹ گئے ، وہ صرف 15 رنز ہی بنانے میں کامیاب ہوئے۔افتحار احمد 17 گیندوں پر 24 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔ قومی ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم نے بہترین انداز میں کھیل پیش کیا اور ٹیم کو جتوانے کی پوری کوشش کرتے ہوئے 35 گیندوں پر 57 رنز کی اننگ کھیلی لیکن کامیاب نہیں ہو پائے اور کیچ آوٹ ہو گئے ۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 226 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کیلئے 227 رنز کا ہدف دیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈیرل مچل 61 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ کین ولیمسن نے 57 رنز کی اننگ کھیل کر اہم کردار ادا کیا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے فن ایلن اور ڈیون کانوے نے میدان میں اتر کر کھیل کا آغاز کیا لیکن ڈیون کانوے شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر عامر جمال کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو کر صفر پر پویلین لوٹ گئے ۔ان کے بعد اوپننگ پر آنے والے فن ایلن عباس آفریدی کی گیند کا نشانہ بنے اور 34 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے ۔
نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ 128 رنز کے مجموعے پر کین ولیمسن کی گری ، انہوں نے 42 گیندوں پر 57 رنز بنائے اور عباس آفریدی کی گیند پر فخر زمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔نیوزی لینڈ کے چوتھے آؤٹ ہوئے والے کھلاڑی گلین فلپس بنے جنہوں نے 19 رنز بنائے اور پویلین لوٹ گئے لیکن ڈیرمچل نے پاکستانی باؤلرز کی جم کر دھلائی کی اور 27 گیندوں پر 61 رنز کی اننگ کھیلی ۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون میں محمد رضوان، صائم ایوب، بابراعظم ، فخر زمان، افتخار احمد، اعظم خان ، عامر جمال ، اسامہ میر، شاہین شاہ آفریدی، عباس آفریدی، حارث روف شامل ہیں ۔ آج کے میچ میں اسامہ میر اور عباس آفریدی ٹی ٹوینٹی ڈیبیو کیا۔ٹاس کے بعد شاہین شاہ آفریدی کا کہناتھا کہ پچ بولنگ کیلئے سازگار لگ رہی ہے اس لیے ٹاس جیتنے پر باؤلنگ کا فیصلہ کیا ہے ۔