یہ قانون کی عدالت ہے، کوئی دستاویز ہے تو دکھائیں ، ویڈیوز چلانے کی اجازت نہیں دیں گے،چیف جسٹس کا پی ٹی آئی وکیل کی استدعا پر جواب
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سپریم کورٹ میں پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف الیکشن کمیشن کی درخواست پر سماعت کے دوران وکیل پی ٹی آئی نے انٹراپارٹی انتخابات کی ویڈیوز چلانے کی استدعا کردی،اس پر چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ یہ قانون کی عدالت ہے، کوئی دستاویز ہے تو دکھائیں ، ویڈیوز چلانے کی اجازت نہیں دیں گے۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق سپریم کورٹ میں پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف الیکشن کمیشن کی درخواست پر سماعت ہوئی، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3رکنی بنچ نے سماعت کی،جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی بنچ میں شامل ہیں۔
دوران سماعت وکیل پی ٹی آئی نے کہاکہ ویڈیوز چلانے کی اجازت دے دیں، عدالت کو ثبوت دکھانا چاہتے ہیں۔چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ یہ قانون کی عدالت ہے، کوئی دستاویز ہے تو دکھائیں، ویڈیوز چلانے کی اجازت نہیں دیں گے۔