یو اے ای میں پاکستانی شہری بیٹھے بٹھائے عالیشان گھر کا مالک بن گیا
دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی شہری بیٹھے بٹھائے عالیشان گھر کا مالک بن گیا۔
نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق نعمان خان محمد بشیر نامی یہ شخص کافی عرصے سے متحدہ عرب امارات میں مقیم ہے اور وہاں مارکیٹنگ کے شعبے میں ملازمت کرتا ہے۔ گزشتہ دنوں اسے الانصاری منی ایکسچینج کی طرف سے ایک فون کال آئی ، جس میں گرینڈ پرائز میں ایک گھر جیتنے کی خوشخبری سنائی گئی۔
نعمان خان نے اس فون کال کو فراڈ خیال کیا اور نظر انداز کر دیا تاہم اسے دوبارہ الانصاری منی ایکسچینج کے لینڈ لائن نمبر سے فون کال آئی۔ اس کے باوجود نعمان خان نے مکمل تحقیق کی اور جب اسے معلوم ہوا کہ وہ واقعی گھر جیت چکا ہے تو اس کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہ رہا۔ نعمان خان کا کہنا ہے کہ جب مجھے یقین ہوا کہ میں واقعی گھر جیت چکا ہوں تو چند لمحے کے لیے میں کچھ بول ہی نہ پایا۔میں سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ مفت میں اپنے خوابوں کا گھر مجھے مل جائے گا۔ رپورٹ کے مطابق چونکہ الانصاری منی ایکسچینج کے پاس یہ حق محفوظ ہے کہ وہ جیتنے والے شخص کو گھر کی بجائے گھر کی قیمت ادا کر دے، چنانچہ الانصاری کی طرف سے نعمان خان کو ساڑھے 3لاکھ درہم (تقریباً 2کروڑ 68لاکھ روپے) ادا کر دیئے گئے ہیں۔واضح رہے کہ نعمان خان ایک دہائی سے الانصاری منی ایکسچینج کا کسٹمر ہے اور ہمیشہ اسی کمپنی کے ذریعے پاکستان میں اپنے گھر والوں کو رقم بھیجتا ہے۔کمپنی کی طرف سے اپنے باقاعدہ کسٹمرز کے نام قرعہ اندازی میں شامل کیے گئے تھے، جن میں سے نعمان خان خوش قسمت قرار پایا۔