این اے 127 لاہور، اہم سیاسی جماعت نے بلاول بھٹو کی حمایت کا اعلان کردیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) طاہر القادری کی جماعت پاکستان عوامی تحریک نے عام انتخابات میں این اے 127 سے بلاول بھٹو زرداری کی حمایت کا اعلان کردیا۔
سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈا پور نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی این اے 127 میں بھرپور حمایت کریں گے، انہوں نے کہا کہ این اے 127 میں بلاول بھٹو زرداری کی حمایت میں بھرپور جلسہ کریں گے، پیپلز پارٹی کے لئے ہماری حمایت اس حلقے میں نظر آئے گی۔خرم نواز گنڈا پور کا کہنا تھا کہ ہماری مخالفت صرف ن لیگ سے ہے، ن لیگ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ہماری ملزم ہے، سانحہ ماڈل ٹاؤن کا انصاف ابھی تک نہیں ہوا، شہداء کے ورثا کو انصاف ملنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کے شکر گزار ہیں، آج وہ ہمارے دفتر آئے اور سانحہ ماڈل ٹاؤن پر ہمارے موقف کی حمایت کی۔خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے 17 جون 2014ء سے سانحہ ماڈل پر ہمیشہ اصولی موقف اختیار کیا ہے، ہم انتقام کی سیاست کو ختم کرنا چاہتے ہیں، پیپلز پارٹی کی ہم نے پہلے ضمنی الیکشن میں بھی مدد کی تھی۔
خیال رہے کہ مذکورہ حلقہ سے ماضی میں طاہر القادری ممبر قومی اسمبلی منتخب ہوچکے ہیں۔