وہ امیدوار جسے پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ( ن) دونوں نے ٹکٹ جاری کردیا
کوئٹہ (ڈیلی پاکستان آن لائن) ملک کی 2 بڑی سیاسی جماعتوں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے بلوچستان میں قومی اسمبلی کی نشست کے لیے ایک ہی شخص کو ٹکٹ دے دیا ہے۔
"ہم نیوز" کے مطابق مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے این اے 259 کیچ گوادر کی نشست سے یعقوب بزنجوکو ٹکٹ دیا ہے،دلچسپ بات یہ ہے کہ ان کا تعلق ان دونوں جماعتوں میں سے کسی کے ساتھ نہیں ۔(ن )لیگ کی جانب سے 3 جنوری کو ایکس ہینڈل پرقومی وصوبائی اسمبلی کی نشستوں کے لیے امیدواروں کی فہرست جاری کی گئی تھی جس میں یعقوب بزنجو کا نام بھی شامل ہے۔
ذرائع کے مطابق یعقوب بزنجو نے (ن )لیگ کا ٹکٹ لینے سے انکار کر دیا ۔ پیپلز پارٹی کے میڈیا سیل کی جانب سے جاری کردہ فہرست میں بھی یعقوب بزنجو کا نام شامل تھا۔سابق ایم این اے یعقوب بزنجو کے حوالے سے کہا جارہا تھا کہ انہوں نے نہ تو(ن )لیگ میں شمولیت اختیار کی نہ ہی ٹکٹ کے لیے اپلائی کیا مگر انچارج( ن) لیگ الیکشن سیل اسحاق ڈار نے پھر بھی ٹکٹ جاری کر دیا۔
ذرائع کے مطابق یعقوب بزنجو نے پیپلز پارٹی کا ٹکٹ قبول کر لیا ہے۔