سکندر عمران بلوچ نے سیکرٹری ٹرانسپورٹ کا چارج سنبھا ل لیا
لاہور (جنرل رپورٹر)چیئرمین پنجاب ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور سیکرٹری محکمہ ٹرانسپورٹ و ماسٹرانزٹ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے چارج چھوڑ دیا۔ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے گزشتہ روز سیکرٹری ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کے عہدے کا چارج نئے سیکرٹری سکندر عمران بلوچ کے حوالے کیا اس حوالے سے تقریب میں محکمہ ٹرانسپورٹ کے افسران اور ملازمین کی کثیر تعداد شریک ہوئی جس میں ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے نئے سیکرٹری کو محکمہ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور انہیں خوش آمدید کہا۔ نئے سیکرٹری کو انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں وزیراعلی کے ویژن کے مطابق الیکٹرک بسوں اور لاہور کیلئے نئی ماسٹرانزٹ لائنز عوام کو فراہم کرنے کا منصوبہ فائنل ہو چکا ہے۔ راولپنڈی اور مری کے درمیان گلاس ٹرین منصوبے کی فیزیبلٹی رپورٹ تیار کی جا رہی ہے۔ انشاء اللہ اگلے مالی سال میں اس منصوبے پر کام شروع ہو جائے گا۔ اسی طرح 27 الیکٹرک بسوں کی پہلی کھیپ آئندہ چند روز میں کراچی کی بندرگاہ پہنچ جائے گی۔ اسی سال مزید 500 الیکٹرک بسیں بھی پنجاب 5 شہروں میں عوام کو سفری سہولیات فراہم کرتی نظر آئیں گی۔ دیگر اہم اور عوام دوست ٹرانسپورٹ منصوبوں کے حوالے سے بھی انہوں نے نئے سیکرٹری کو اگاہ کیا۔ اس سال 2025 میں محکمہ ٹرانسپورٹ و ماسٹرانزٹ کو مکمل آٹومیٹ کر دیا جائے گا اور سائلین کو دفاتر کے چکر نہیں لگانا پڑیں کے۔ اس موقع پر افسروں اور ملازمین نے سبکدوش ہونے والے سیکرٹری ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔