مفتی افتخار بیگ دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے
لاہور(پ ر) ملک کے معروف عالم دین اور دار الافتاء جامعہ اشرفیہ لاہور کے مفتی مولانا مفتی محمد افتخار بیگ گزشتہ روز حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے انتقال کر گئے مرحوم 25 سال سے جامعہ اشرفیہ لاہور کے دارالافتاء میں بطور سینئر مفتی کے دین کی خدمات سرانجام دے رہے تھے وہ ملک کی نامور دینی درسگاہ دارالعلوم کراچی کے فاضل اور شیخ الاسلام مولانا مفتی محمد تقی عثمانی کے شاگرد خاص تھے مرحوم کو اسلامک بنکاری میں خصوصی عبور حاصل تھا اور کئی بنکوں کے اسلامک شریعہ بورڈ کے ایڈوائزر تھے انہوں نے ایک بیوہ تین بیٹے اور تین بیٹیاں سوگوار چھوڑیں۔ مرحوم کی نمازجنازہ ان کے آبائی علاقہ آزاد کشمیر میں ادا کئی گئی جس میں علماء اور شاگردوں سمیت بہت بڑی تعداد میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔ مرحوم کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک بھی کر دیا گیا۔دریں اثناء جامعہ اشرفیہ لاہور کے مہتمم مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی، نائب مہتمم و ناظم اعلیٰ مولانا قاری ارشد عبید، شیخ الحدیث حضرت مولانا سیف الرحمن مہند،پروفیسر مولانا محمد یوسف خان ودیگر نے مولانا مفتی افتخار بیگ کی وفات پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ مولاناافتخار بیگ کی تمام زندگی تحقیق و تصنیف، اسلام کی اشاعت، دین کی خدمت میں گزری وہ نیکی و تقویٰ اور علم و عمل کے پیکر تھے ان کی وفات سے ملک ایک جیدعالم دین سے محروم ہوگیا انہوں نے کہا کہ وہ مرحوم کے خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
مفتی افتخار بیگ