خیبر کنٹریکٹر ایسوسی ایشن کابینہ سے سہیل آفریدی نے حلف لے لیا
باڑہ (نمائندہ پاکستان)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے سی اینڈ ڈبلیو سہیل خان آفریدی نے کہا ہے کہ قبائلی اضلاع کی معاشی بحالی اور ٹھیکیداروں کے مسائل حل کرنا اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ قبائلی اضلاع کے عوام معاشی طور پر شدید مشکلات کا شکار ہیں، اور ان کی بحالی حکومت کےلئے ایک بڑے چیلنج سے کم نہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبر کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کی مرکزی کابینہ کی حلف برداری تقریب سے اپنے خطاب میں کیا ہے۔تقریب حلف برداری سے رکن قومی اسمبلی خیبر حاجی اقبال آفریدی،ایم پی اے و ڈیڈک چیئرمین ضلع خیبر عبدالغنی آفریدی،خیبر کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے نومنتخب صدر تاج محمد آفریدی،جنرل سیکرٹری حاجی عمر اکبر،آل ٹرائبل کنٹریکٹر زکے سینئر رہنماوں چیئرمین حاجی بادشاہ خان آفریدی، سینئر کنٹریکٹرذولفقار علی بھٹو اورCAP کے رہنمائارشد شاہین نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب میں سابق رکن قومی اسمبلی گل ظفر،شمالی وزیریستان کے ایم این اے زبیر وزیر ،ڈپارٹمینٹل افسران،دونوں چیف انجینئرز سی اینڈ ڈبلیواور مختلف ترقیاتی محکمہ جات کے ایکسیئنان،ایس ڈی اوزاور متعلقہ افسران سمیت بڑی تعداد میں قبائلی اضلاع کے ٹھیکیداروں و کاروباری لوگوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر معاون خصوصی سہیل خان آفریدی نے کے سی اے کے نو منتخب کابینہ سے حلف لیا جبکہ منتخب کابینہ کے جنرل سیکرٹری نے مہمان خصوصی کو ٹھیکیداروں کے مسائل و مطالبات پر مبنی سپاس نامہ بھی پیش کیا۔ مہمان خصوصی سہیل خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ٹھیکیدار برادری کے مسائل، چاہے وہ ٹینڈر کے حوالے سے ہوں یا دیگر دفتری مشکلات،صوبائی وزیراعلی علی یامین گنڈاپور اور عمران خان کی وژن کے مطابق حل کرنے کی بھر پور جدوجہد کریں گے۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ میں اصلاحات کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ اس نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔ ہم آن لائن بل ادائیگی اور دیگر امور کو ڈیجیٹائز کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں تاکہ شفافیت اور کارکردگی کو یقینی بنایا جا سکے۔سہیل خان نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی اضلاع کو ان کے حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہےجبکہ وفاق پر چوروں اور ڈاکو_¶ں کا راج ہے جو قبائل کے حقوق پر ڈاکہ ڈال چکے ہیں، لیکن ہم ان ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز فراہم کریں گے جن کا وعدہ انضمام کے وقت کیا گیا تھا۔دریں اثناتقریب کے دوران خیبر کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے سپاس نامہ پیش کیا گیا جس میں ٹھیکیدار برادری کو درپیش مسائل اور اہم مطالبات شامل تھے۔ معاون خصوصی نے مطالبات پر غور کرنے اور ان کے حل کے لیے اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔مہمان خصوصی نے سپاس نامے میں پیش کئے مطالبات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ قبائلی اضلاع میں ترقیاتی سکیموں (AIP، ADP، M&R) کے لیے فنڈز کی فراہمی،غیر قانونی ٹیکسز کا خاتمہ اور ٹیکس ایکزمپشن سرٹیفکیٹ کے مطالبات سمیت ٹینڈر کے پراسیس کو تیز اور شفاف بنانا، بینک گارنٹی کی بجائے انشورنس با_¶نس کا نظام اپنانے جیسے مطالبات وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے نوٹس میں لاکر ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نےترقیاتی کاموں میں انقلاب لانے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ کے قوانین پر نظرثانی کرتے ہوئے ان میں انقلابی تبدیلیاں کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ترقیاتی منصوبوں کو شفافیت اور رفتار کے ساتھ مکمل کیا جائے گا، تاکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ ان کا کہنا تھاکہ خیبر پختونخوا کو عمران خان کے وژن کے مطابق ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔تقریب کے دوران خیبر کنٹریکٹرزایسوسی ایشن کے رہنماوں نے مہمان خصوصی،ایم این اے اقبال،عبدالغنی آفریدی،ایم این اے زبیر، سابق ایم این اے گل ظفر،کے سی اے الیکشن کمیٹی کے چیئر مین حاجی لعل مرجان اور مختلف محکمہ جات کے افسران کو فوٹو فریم تحائف اور اعزازی شیلڈز پیش کئے۔