اے ٹی یم میں چوری کی کوشش، پولیس موقع پر پہنچی تو چور کو کس حالت میں پایا؟ جان کر آپ کو اس کی بے وقوفی پر یقین نہیں آئے گا
نئی دلی (نیوز ڈیسک) بھارتی دارالحکومت کے جنوبی علاقے میں ایک چور رات کے پچھلے پہر اے ٹی ایم مشین سے رقم لوٹنے کے چکر میں اس کے اندر ہی پھنس گیا اور بالآخر پولیس کی مدد سے اے ٹی ایم سے آزاد ہوکر قانون کے ہاتھوں گرفتار ہوگیا۔
اخبار ’’ٹائمز آف انڈیا‘‘ کے مطابق پولیس کو رات کے اڑھائی بجے ایک کال موصول ہوئی کہ ICICI بینک کے اے ٹی ایم میں ایک چور دو گھنٹے سے پھنسا ہوا ہے۔ پولیس جب جائے واردات پر پہنچی تو 26 سالہ چور ابھی تک اے ٹی ایم مشین میں پھنسا ہوا تھا۔ اس کی صورت حال انتہائی مضحکہ خیز تھی کیونکہ اس کا سر ایک ڈبے میں پھنسا ہوا تھا، ٹانگیں فرش پر پھیلی ہوئی تھیں، اور یہ بے بس پڑا تھا۔ بدقسمت چور ایک بڑھئی ہے اور اپنے دستکاری آلات کے ساتھ اے ٹی ایم مشین کو توڑنے کی کوشش کررہا تھا کہ اس کے ساتھ ملحقہ ڈبے میں پھنس گیا۔
پولیس کے مطابق چور جب مشین کو توڑنے میں ناکام ہوگیا تو اس کے ساتھ ملحقہ ڈبے کے ذریعے مشین میں گھسنے کی کوشش کرنے لگا۔ جونہی وہ ڈبے میں گھسا، آٹومیٹک سسٹم نے ڈبے کا دروازہ لاک کردیا اور بینک کے ہیڈ آفس کو میسیج بھیج دیا۔
چور کا کہنا ہے کہ وہ شراب کے نشے میں دھت ہوکر اے ٹی ایم مشین میں گھس گیا تھا، لیکن پولیس کا کہنا ہے کہ وہ جس طرح آلات سے لیس ہوکر آیا تھا اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس نے اے ٹی ایم مشین کو لوٹنے کی مکمل منصوبہ بندی کی تھی۔ ناکام چور اب پولیس کی حراست میں ہے اور اس کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔