وزیر اعلیٰ کی عالمی رینکنگ میں بہترپوزیشن حاصل کرنے پر وائس چانسلر پی یو کو مبارکباد
لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے عالمی رینکنگ میں بہتر پوزیشن حاصل کرنے پر وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر مجاہد کامران کو مبارکباد دی ہے۔ اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ ڈاکٹر مجاہد کامران کی یہ کامیابی قابلِ قدر ہے جس پر وہ دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد کے مستحق ہیں۔یاد رہے کہ سپین کے سب سے بڑے پبلک سیکٹر ریسرچ کے ادارے کے تحت ہر سال دنیا بھر کی 24 ہزار سے زائد یونیورسٹیوں اور اداروں کی ویبومیٹرکس رینکنگ آف ورلڈ یونیورسٹیز جاری کی جاتی ہے
جس میں پنجاب یونیورسٹی کا شمار دنیا کی پہلی بہترین 8 فیصد یونیورسٹیز میں کیا گیا ہے جبکہ جنوبی ایشیاء میں پنجاب یونیورسٹی نے 15 ویں اور پاکستان میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔