رمضان المبارک ہمدردی اورایثار کا مہینہ ہے، شیخ روحیل اصغر
لاہور ( خبرنگار) ممبر قومی اسمبلی شیخ روحیل اصغرنے کہا ہے کہ رمضان المبارک ہمدردی اورایثار کا مہینہ ہے چنانچہ اس ماہ میں غریب لوگوں کی امداد کرنے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے ۔ غریب لوگوں کی خدمت میں ہی اللہ کی رضا شامل ہے ۔ رمضان بازاروں کا سب سے زیادہ فائدہ غریب اور متوسط طبقے کو پہنچا ہے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے اس احسن اقدام نے لوگوں کے لیے خوشیوں کے در کھول دیے ہیں ۔ رمضان بازاروں میں اشیائے ضروریہ کے حوالے سے پنجاب حکومت جو اقدامات کر رہی ہے وہ قابلِ قدر ہے۔ وہ گزشتہ روز فیضان فیضی صدر جناح یوتھ کی طرف سے دیے گئے افطارڈنر کے موقع پر خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر جواد شاہ سینئر نائب صدر جناح یوتھ ، مرزا ارسلان بیگ نائب صدر ، عمران بٹ ، احمد عباس ، عثمان بٹ ، سعید ملک ، جہانگیر درانی ، رؤف مختار ،صدیق جٹ، یونس بٹ ، محمد مشتاق و دیگر عہدیداران جناح یوتھ و مسلم لیگی کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔