واسا کے کام چو ر ملازمین کو سزا دی جائے گی،چودھری شہباز

واسا کے کام چو ر ملازمین کو سزا دی جائے گی،چودھری شہباز

لاہور(کامرس رپورٹر) وائس چیئرمین واسا چوہدری شہباز احمد نے کہا ہے کہ واسا لاہور میں کارکردگی کی بناء پر سزا اور جزاء کو بروئے کار لا رہا ہے جو ملازم کام چور اور نااہل ہو گا اسکو سزا دی جائیگی جبکہ محنتی اور قابل ملازمین کو انعام دیا جائیگا۔یہ بات انہوں نے واسا ہیڈ آفس میں ایک اجلاس کی صدارت کے دوران بہتر کارکردگی کے حامل افسران و عملہ کو اسناد تقسیم کرتے ہوئے کہی اجلاس میں ایم ڈی واسا چوہدری نصیر احمد نے بھی شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ واسا ریونیو کے وہ ملازمین جنہوں نے اپنا ریکوری ٹارگٹ حاصل کیا ہے ان کوتعریفی اسناد دی گئی ہیں۔ انہوں نے واسا کے XENالیکٹریسٹی چوہدری رفیق کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے لیسکو سے بجلی کے بلوں کی مد میں 56کروڑ روپے کی بچت کروائی اور اعلان کیا کہ ان کی ٹیم کواضافی انکریمنٹ دینے کے لیے کیس جلد بھجوایا جائیگا۔

مزید برآں لکشمی چوک ڈسپوزل پر پمپوں کی تنصیب اور آپریشن کے بارے میں جو ٹارگٹ دیا گیا تھا،وہ مقررہ تاریخ سے پانچ دن پہلے ہی مکمل کرنے پر ڈائریکٹر کنسٹرکشن محمد یوسف اور ان کی پوری ٹیم خاص طور پروہ عملہ جنہوں نے دن رات کام کر کے پمپوں کی تنصیب اور اُن کو چلانے کا کام مکمل کیا خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔ان پمپوں کی تنصیب سے لکشمی چوک اور اس سے ملحقہ علاقے کوپر روڈ وغیرہ سے بارشی پانی کے نکاس کا عمل جلد سے جلد ممکن ہو جائیگا۔وائس چیئرمین واسا نے پوری ٹیم کو تعریفی اسناد بھی دینے کا اعلان کیا۔مزید براں ۔وائس چیئرمین واسا نے شہر میں پانی کے غیر قانونی کنکشنز کی نشاندہی کرنے والے AFIکو1000روپے انعام فی کنکشن ،جبکہ RFIکو300روپے اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو 200روپے فی کنکشن دینے کا اعلان کیا۔وائس چیئرمین واسا نے کام چوروں اور نااہل عملے کو انتباہ کیا ہے کہ وہ فرائض کی انجام دہی کے سلسلے میں یا تو اپنا قبلہ درست کر لیں یا محکمہ چھوڑنے کے لیے تیار ہو جائیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 4