کنٹونمنٹ الیکشن میں ناکام امیدواروں کی درخواستوں پر کارروائی 9ستمبر تک ملتوی
لاہور(نامہ نگار)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہور طارق افتخار نے کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں دھاندلی کے خلاف دائر ناکام امیدواروں کی درخواستوں پر کارروائی 9 ستمبر تک ملتوی کردی ہے ،عدالت نے تمام کامیاب اور ناکام امیدواروں کو طلب کرلیا ہے۔سیشن جج لاہور طارق افتخارکی عدالت میں ناکام ہونے والے امیدواروں محمد اقبال، چودھری محمد عمراکبر، جاوید ضمیر احمد، محمد اعظم اور بلال اسلم کی طرف سے درخواستیں دی گئیں کہ ان کے مدمقابل امیدواروں نے انتخابات میں دھاندلی کی اور سرکاری مشینری کو استعمال کیا۔
عدالت سے استدعا ہے کہ ان حلقوں میں انتخابات کو کالعدم قرار دیا جائے،عدالت نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد ناکام اور کامیاب تمام امیدواروں کو آئندہ سماعت پرطلب کرلیاہے۔