جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کیلئے تنازعہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے، میر واعظ و دیگرکابیان

جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کیلئے تنازعہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے، میر واعظ و ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

سرینگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق ، بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کی سرپرستی میں قائم فورم اور جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کو یقینی بنانے کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق میر واعظ نے سرینگر میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی وزیر اعظم محمد نواز شریف اور انکے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کے درمیان روس کے شہر اوفا میں ملاقات کا خیر مقدم کیا
انہو ں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دو طرفہ بات چیت کا اس وقت تک کوئی نتیجہ نہیں نکل سکتا جب تک اس میں حقیقی کشمیری قیادت شامل نہ ہو۔ میر واعظ نے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس دونوں ملکوں کے درمیان بات چیت کی بحالی کا خیر مقدم کرتی ہے لیکن کشمیری نمائندوں کی شمولیت کے بغیر تنازعہ کشمیر کا کوئی دیر پا حل نہیں نکالا جاسکتا۔ میر واعظ نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان کشمیرہی اصل مسئلہ ہے جس کے حل کے بعد باقی تمام مسائل کو آسانی سے حل کیا جاسکتا ہے۔ سید علی گیلانی کی سرپرستی میں قائم فورم کے ترجمان ایاز اکبر نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ دونوں ملکوں کو کشمیر کے اصل تنازعہ کی طرف توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔ جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے ترجمان محمد یاسین ملک نے اپنے بیان میں کہا کہ مسئلہ کشمیر کو حل کیے بغیر پاکستان اور بھارت ترقی نہیں کرسکتے اور نہ ایک پرامن اور ترقی یافتہ جنوبی اشیا کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے۔ حریت رہنماؤں آغا سید حسن الموسوی الصفوی اور جاوید احمد میر نے بھی اپنے بیانات دنوں ملکوں کے وزرائے اعظم کے درمیان ملاقات کا خیر مقدم کیا ہے۔ انہوں نے دونوں ملکوں پر زور دیا کہ وہ کشمیرسمیت تمام مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ بات چیت کریں۔ یاد رہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف اور نریندر مودی نے جمعہ کے روز روس کے شہر اوفا میں ملاقات کی۔

مزید :

عالمی منظر -