جنرل ہسپتال میں عید کی چھٹیوں میں عملہ موجود رہے گا،پروفیسر خالد محمود

جنرل ہسپتال میں عید کی چھٹیوں میں عملہ موجود رہے گا،پروفیسر خالد محمود

لاہور(کامرس رپورٹر) عید الفطر کی چھٹیوں کے دوران جنرل ہسپتال میں ڈینگی بخار میں مبتلا افراد کے علاج و رہنمائی کیلئے قائم کاؤنٹرز پر ان ایام میں بھی سٹاف موجود رہے گا۔ان چھٹیوں میں ہسپتال کے معمولات بلاتعطل جاری رکھنے اور مریضوں کی دیکھ بھال و علاج معالجے کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اے ایم ایس ، ڈی ایم ایس، ڈاکٹرز، نرسز و دیگر ملازمین کی خصوصی ڈیوٹیاں لگادی گئی ہیں۔ جبکہ انتظامی شعبوں کے انچارج سٹیشن چھوڑنے سے قبل پیشگی اجازت لینے کے پابند ہوں گے۔ اس بات کا فیصلہ گذشتہ روز پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر خالد محمود کی زیر صدارت اجلاس میں ہوا

ا جس میں انتظامی ڈاکٹروں، نرسنگ انتظامیہ اور دیگر شعبوں کے سربراہوں نے شرکت کی۔

اجلاس کے شرکاء کو بتایا گیا کہ 17تا 21 جولائی تک آؤٹ ڈور بند ہونے کے باعث وہاں کا عملہ بھی ایمرجنسی اور دیگر شعبوں میں کام کرے گا۔ پروفیسر خالد محمود نے بتایا کہ تینوں شفٹوں کے سینٹری انسپکٹرز اور سکیورٹی اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں اور اے ایم ایس ایڈمن و نرسنگ سپرنٹنڈنٹ کسی بھی اہلکار یا نرس کو اضافی چھٹی یا ڈے آف دینے کی مجاز نہیں ہوں گی۔ پرنسپل نے انتظامی ڈاکٹروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ عید کی چھٹیوں کے دوران روزانہ پورے ہسپتال کا راؤنڈ کریں اور سکیورٹی کے نظام پر کڑی نگاہ رکھیں، فول پروف انتظامات کرنے کے علاوہ اس امر کو یقینی بنائیں کہ کوئی بھی گارڈ دوسری شفٹ کے آنے سے پہلے نہیں جائے گا جبکہ انتظامی ڈاکٹرز اپنی اپنی ڈیوٹی کے دوران ایمرجنسی وارڈ میں مریضوں کو ادویات و تشخیصی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے علاوہ تمام عملے کی کارکردگی بھی مانیٹر کریں گے۔ لیبارٹری 24 گھنٹے کھلی رہے گی۔مریضوں کی شکایات کے ازالے اور ملازمین کی کارکردگی مانیٹر کرنے کیلئے فون نمبر 99264117پر 24گھنٹے ڈاکٹر موجود ہوگا۔میڈیکل سوشل ویلفیئر آفیسر کو ہدایت کرتے ہوئے پروفیسر خالد محمود نے کہا کہ ان تعطیلات کے دوران غریب اور مستحق مریضوں کے حقوق کا مکمل خیال رکھیں اور ضرورت مندوں کو ادویات کی فراہمی کی صورت میں شکایت کا فوری ازالہ کریں۔ انہوں نے سینی ٹیشن سٹاف کو تمام ہسپتال ، رہائشی کالونی اور ڈاکٹر و نرسنگ ہاسٹل میں صفائی کا بھرپور خیال رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں کوتاہی کی ذمہ داری متعلقہ شفٹ کے سینٹری انسپکٹر پر ہوگی۔ پرنسپل نے تمام جنریٹر اپ ڈیٹ، ایمبولنسیں سٹینڈ بائی اور بلڈ بینک کے عملے کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں فرائض سے غفلت برتنے یا ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

مزید : میٹروپولیٹن 4

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...