جمہوریت کو فروغ دیکر بحرانوں کا خاتمہ ممکن ہے، جمیل ملک

جمہوریت کو فروغ دیکر بحرانوں کا خاتمہ ممکن ہے، جمیل ملک

لاہور(لیڈی رپورٹر) پاکستان جمہوری اتحاد کے مرکزی صدرمحمد جمیل ملک نے کہا ہے کہ ملک کوبحرانوں سے نجات دلانے کا بہترین راستہ جمہوریت کا فروغ اور تسلسل ہے مگر کرپٹ سیاستدانو ں نے اپنی لوٹ مار اور اقربا پروری سے جمہوریت کو گالی بنا دیا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا موجودہ حکمران اور اسکی نام نہاد اپوزیشن جمہوریت کے چہرے پر بدنماداغ ہیں جنہوں نے جمہوریت کی آڑ میں خاندانی آمریت قائم کررکھی ہے

، برسراقتدار خاندانوں کاہر شخص نہ صرف کسی نہ کسی اعلیٰ عہدے پر فائز ہے بلکہ اختیارات کا ناجائز استعمال کرکے دولت جمع کررہا ہے،اگر ملک میں حقیقی جمہوریت ہوتی تو زرداری یا شریف ہمیشہ اقتدار میں نہ ہوتے اوران جماعتوں کے متوسط طبقہ سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں کو بھی وزارت عظمیٰ یا وزارت اعلیٰ کے اہم عہدوں تک رسائی کا موقع فراہم کیا جاتا۔

،پارلیمنٹ میں سارے جاگیردار،سرمایہ دار اور وڈیرے براجمان ہیں جنہیں عام آدمی کے مسائل سے کوئی غرض ہی نہیں،جب تک عوام اپنے مسائل اور مشکلات سمجھنے والے متوسط طبقہ کے لوگوں کو منتخب کروا کراسمبلی میں نہیں بھیجتے اس وقت تک بہتری کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا،انہوں نے مزید کہا پاکستا ن جمہوری اتحاد ملک میں حقیقی جمہوریت کے قیام کی جوجدوجہد کررہا ہے وہ جلد ہی ایک مؤثر قوت بن کر ابھرے گی۔

مزید : میٹروپولیٹن 4