عید الفطر حکمرانوں کے لئے بھاری بھی ہو سکتی ہے،عبدالعلیم خان

عید الفطر حکمرانوں کے لئے بھاری بھی ہو سکتی ہے،عبدالعلیم خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (نمائندہ خصوصی )چئیر مین تحریک انصاف کے پولیٹیکل ایڈوائزر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ جھوٹے وعدے اوربڑے بڑے دعوے کرنے والے حکمرانوں میں سراسیمگی پھیل چُکی ہے، بہت جلد بڑی خبریں آنے والی ہیں بالخصوص عیدالفطر حکومت کیلئے بھاری ہو سکتی ہے جس کے فوراً بعد دھاندلی زدہ حکمرانوں کی رخصتی کاامکان ہے عبدالعلیم خان نے کہا کہ ہر شعبے کے حالات خراب ہیں جبکہ حکومت کا سارا زور اشتہاری مہم کے ذریعے ذاتی کوریج پر لگا ہوا ہے ۔ایک ایک منصوبے کو بار بار مکمل کرنے کی کاغذی کاروائیاں منظر عام پر آچکی ہیں ،انہوں نے کہا کہ من پسند ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے بڑے پیمانے پر کرپشن کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ،دن بدن حالات خراب سے خراب تر ہو رہے ہیں جبکہ حکومتی سطح پر سب اچھا کی بانسری بجائی جا رہی ہے ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ سپریم کورٹ کی حالیہ رپورٹ چشم کشا ہے کہ کس طرح عام آدمی کو جھو ٹے مقدمات کا سامنا ہے ، کیسے عدالتی احکامات کو نظر انداز کیا جا رہا ہے اور عوام انصاف کو ترس رہے ہیں عبدالعلیم خان نے کہا کہ درحقیقت موجودہ حکومت ملک کو در پیش مسائل اور اندرونی اور بیرونی چیلنجز سے نمٹنے میں ناکام رہی ہے ،وزراء کے باہمی اختلافات اور کشمکش کے باعث حکومتی کارکردگی صفر ہے صرف لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کیلئے ہی قومی خزانے کو بے دردی سے لٹایا گیا اور حالات پھر بھی جوں کے توں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ تاجر برادری سے بھی بینکوں کے 0.6فیصد ٹیکس کو کم کر کے 0.3فیصد کرنے کا لالی پاپ وقتی ثابت ہو گا یہ ایک دھوکا ہے جس کا مقصد عوام کے غم و غصہ کو وقتی طور پر کم کرنا ہے ۔ عبدالعلیم خان پارٹی رہنماؤں سے گفتگو کر رہے تھے جن میں شعیب صدیقی ،میاں حامد معراج ،جمشید اقبا ل چیمہ ،خواجہ جمشید امام ،میاں جاوید علی ،میاں یامین ٹیپو اور فرخ جاوید مون شامل تھے ۔