توانائی بحران کے خاتمہ کیلئے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جائیں،ظہیر بھٹہ

توانائی بحران کے خاتمہ کیلئے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جائیں،ظہیر بھٹہ

لاہور(کامرس رپورٹر)چیئرمین لاہور ٹاؤن شپ انڈسٹریز ایسوسی ظہیر بھٹہ نے ناروے اور پاکستان میں 150میگا واٹ کے 3شمسی پلانٹ کے معاہدے کو درست سمت قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ توانائی بحران کے خاتمہ کیلئے حکومت کے دیگر منصوبوں کے ساتھ ساتھ کول پاور پراجیکٹ اور شمسی توانائی پراجیکٹ سنجیدہ کوششیں ہیں حکومتی کوششوں اور توانائی معاہدوں سے امید ہے کہ آئندہ سال موسم گرما تک لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ میں خاطر خواہ کمی واقع ہوگی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے خالد افضل شیخ سینئر وائس چیئرمین ،نعمان حسین وائس چیئرمین کے ساتھ ٹاؤن شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ظہیر بھٹہ نے کہا کہ نارو ے کی کے ٹیک سولر کمپنی اور پاکستان کی نظام انرجی کے درمیان مشترکہ پاور پلانٹس لگانے کے معاہدے اور یہ معاہدے ایک سال تک مکمل ہونے سے ملک کے اندر جاری توانائی بحران کے خاتمہ میں مدد ملے گی اور اس سلسلہ میں دوسرے مرحلہ میں مزید 150میگا واٹ کے منصوبوں کے معاہدوں سے ملک کے اندر سرمایہ کاری کی مجموعی رقم60کروڑ ڈالر تک پہنچ جائے گی اس وسیع سرمایہ کاری سے ملک کے اندر کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا نیز بے روزگار نوجوانوں کو بھی روزگار مہیا ہوگا ۔ملک کے اندربیرونی سرمایہ کاری سے زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی اضافہ ہوگا اور ملک مالی بحران سے بھی نجات پاجائے گا۔

مزید : کامرس